آباد (خبرنگار خصوصی) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ٹی سی پی کو موخر ادائیگی پر دو لاکھ میٹرک ٹن یوریا درآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ای سی سی نے یہ اجازت وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں دی۔ اجلاس میں وفاقی وزرا، وفاقی وزرائے مملکت، وفاقی سیکرٹریز اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں پیٹرولیم ڈویژن کی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ریفائنریز کے پرائس ڈیفریشیل کلیمز کی ادائیگی کی سمری پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں ای سی سی نے سمری کی تحت 55 ارب روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دے دی، سپلنٹری گرانٹ مئی 2022 کے پہلے 15 دن کے لیے منظور کی گئی۔ ای سی سی کے اجلاس میں وفاقی وزارت صنعت و پیداوار نے یوریا کی درآمد سے متعلق سمری پیش کی جس پر ٹی سی پی کو موخر ادائیگی پر دو لاکھ میٹرک ٹن یوریا درآمد کرنے کی اجازت دے دی گئی۔