کراچی (نیوز رپورٹر)کلفٹن کے ساحل پرلاکھوں روپے مالیت کی مچھلیاں جال میں پھنسنے سے گذری،کیماڑی اورشیریں جناح کالونی کے ماہی گیروں کی چاندی ہوگئی ہے۔کوسٹل میڈیا سینٹر کے ترجمان کمال شاہ نے بتایا کہ رواں سیزن میں اب تک ماہی گیر ٹنوں کے حساب سے مچھلی شکارکرچکے ہیں اور اتوارکو بھی ماہی گیروں نے شکار کی ہوئی مچھلی لاکھوں روپے میں فروخت کی۔کمال شاہ نے بتایا کہ ماہی گیروں کے جال میں پھنسنے والی مچھلی بوئی نسل کی ہے، پکڑی جانے والی مچھلی مرغیوں کی فیڈ تیار کرنے میں کام آئیگی۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ اتوار کو ایک ماہی گیر کے جال میں ساڑھے تین لاکھ روپے کی کگھا مچھلی بھی پھنسی تھی جبکہ ماہی گیروں کو ملنے والی مچھلیوں میں سارڈین نسل کی ہیں۔ ڈیبلوڈیبلو ایف کے تیکنیکی مشیرمعظم خان نے بتایا کہ بڑی تعداد میں مچھلیوں کے جال میں پھنسنے کی ممکنہ طورپروجہ سمندر میں ریڈٹائیڈ کا ہونا ہے۔