کراچی (نیوز رپورٹر)شہر قائد میں ہیٹ ویوو نے اپنا اثر دکھانا شروع کردیا‘ شہر کے مختلف اسپتالوں میں متعدد افراد کو داخل کردیا گیا۔انچارج عباسی شہید ڈاکٹر نادر علی سید کا کہنا ہے کہ ہفتہ کے روز ہیٹ اسٹروک سے متاثرہ 11 مریض لائے گئے جن میں سے 7 مریضوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد گھر بھیج دیا گیا جبکہ 4 مریض داخل کیے گئے۔ڈاکٹر نادر علی سید کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز گرمی سے متاثرہ15 افراد اسپتال لائے گئے جنہیں ابتدائی علاج کے بعد گھر بھیج دیا گیا۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر میں کل سے اب تک ہیٹ ویو کے باعث 3 افراد جان سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے جن میں سے دو اموات نجی اسپتال میں جبکہ ایک سول اسپتال میں ہوئی۔یاد رہے کہ اتوار کے روز شہر میں گرمی کے باعث ملیر کے رہائشی عمر خان میچ کے دوران طبیعت خراب ہونے کے باعث اسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ انتقال کر گئے تھے۔