مفتی منیب الرحمن سے قاری عثمان کی زیر قیادت وفد کی ملاقات 

May 17, 2022


کراچی (نیوز رپورٹر) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنماء اور ضلع کیماڑی کراچی کے امیر قاری محمد عثمان کی قیادت میں وفد نے نامور عالم دین رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے سابق چیئرمین مولانا مفتی منیب الرحمن، جامعہ علوم الاسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کے نائب رئیس مولانا ڈاکٹر احمد یوسف بنوری، جامعہ اشرف المدارس کے رئیس مولانا حکیم محمد مظہر، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کراچی کے امیر مولانا اعجاز مصطفی، جامعہ اسلامیہ طیبہ کے رئیس مولانا محمدآصف اور مولانا محمد عادل سے الگ الگ ملاقاتیں کرکے 19 مئی کو ہونیوالی تقدس مسجد نبوی ﷺکانفرنس میں شرکت کی دعوت اور دعاؤں کی درخواست کی۔ وفد میں صوبائی ناظم مالیات مولانا محمد غیاث، مولانا نصیرالدین سواتی، مولانا گل محمد تالونی، مفتی عبدالحق عثمانی شامل تھے۔ مولانا مفتی منیب الرحمن نے کہا کہ حرمت رسولﷺ، حرمت حرمین الشریفین، حرمت شعائر اسلام سمیت مقدس مقامات کے تحفظ کیلئے جو بھی آواز اٹھائی جائے گی اسکی نہ صرف بھرپور حمایت کی جائے گی بلکہ کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شریعت اسلامی میں مسجد نبوی اور مسجد حرام کا احترام ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔ حرمین شریفین مراکز اسلام ہیں۔ مفتی منیب الرحمن نے کہا کہ تقدس مسجد نبوی جیسے ہر عمل کی حمایت کرتے ہیں۔ جامعہ علوم الاسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کے نائب رئیس مولانا ڈاکٹر احمد یوسف بنوری نے کہا کہ مسجد نبوی ﷺمیں ہونے والی ہلڑ بازی اور بے حرمتی پر دنیا بھر میں پاکستان کی سبکی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان جتنا بھی کمزور کیوں نہ ہو مسجد نبوی ﷺکی بے حرمتی کو برداشت نہیں کرسکتا۔ سیاسی اختلافات اپنے دائرہ میں ہوں تو سیاسی جماعتوں کی مرضی مگر افسوس اس امر پر ہے کہ سیاسی اختلافات کاعملی مظاہرہ حرمین شریفین اور پھر مسجد نبوی ﷺتک پہنچانا جہاں قرآن کریم کا حکم ہے کہ اپنی آواز کو حضور اکرم ﷺکی آواز مبارک سے دھیمی رکھیں۔ دیگر علماء کرام نے کراچی کے غیور مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 19 مئی کو جمعیت علماء اسلام کے زیر اہتمام منعقدہونے والی تقدس مسجد نبوی ﷺکانفرنس میں بھرپور شرکت کرکے حضور اکرم ﷺسے گہری محبت کا اظہار کریں۔ انہوں نے کہا کہ مسجد نبوی ﷺمیں ہونے والی ہلڑ بازی اور بے حرمتی کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ علاوہ ازیں جمعیت علماء اسلام ضلع کیماڑی کے پی ایس 112ماڑی پور اور پی ایس 113 کیماڑی، پی ایس 116 اتحاد ٹاؤن میں منعقد ہونے والے تقدس مسجد نبوی ﷺکانفرنس کی تیاریوں کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے قاری محمد عثمان اور مولانا محمد غیاث نے کہا کہ تقدس مسجد نبوی ﷺکانفرنس وقت کی ضرورت اور اسلام سے بیزار طبقے کی بیخ کنی کیلئے سنگ میل ثابت ہو گی۔ انہوں نے اہل کراچی سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تقدس مسجد نبوی کانفرنس میں بھرپور شرکت کرکے یہ ثابت کریں کہ کراچی غلامان مصطفی ﷺکا شہر ہے۔

مزیدخبریں