کراچی (نیوز رپورٹر)شدید گرم موسم اور تپتی دوپہر میں ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت نہم و دہم جماعت کے سالانہ امتحانات آج سے شروع ہونگے۔ مجموعی طور پر 3لاکھ 65ہزار طلباء و طالبات سائنس و جنرل گروپ ریگولر اور پرائیویٹ کے امتحانات دیں گے امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ144نافذ کر دی گئی ہے ۔ ثانوی بورڈ نے امتحانات کی نگرانی کیلئے بورڈ آفس میں رپورٹنگ سیل قائم کر دیا ہے اور نقل کی روک تھام کیلئے بورڈ کی خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دیدیں ہیں۔ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے سالانہ امتحانات کیلئے 448امتحانی مراکز قائم ہیں طلباکے253 اور طالبات کے 195 امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں جس میں 163 سرکاری اسکول اور285نجی اسکول شامل ہیں۔ثانوی تعلیمی بورڈ نے اس دفعہ 20 حب امتحانی سینٹر بنائے ہیں جو کراچی کے مختلف 18 ٹاؤنز میں قائم ہیں وہاں پر بورڈ کے آفیسرز امتحانی پرچوں کی ترسیل پر مامور ہوں گے ۔ امتحانات کے دوران امتحانی سینٹرز میں کسی بھی قسم کی ڈیوائس، موبائل فون یا کسی بھی قسم کے نقل کا موادلانے کی ممانعت ہو گی ۔ تمام امتحانی مراکز پر دفعہ 144 نافذ ہو گی جس کے تحت ان مراکز پر بیرونی مداخلت پر پابندی ہو گی اور ان کے اطراف میں کام کرنے والی فوٹو اسٹیٹ کی مشینیں دوران امتحان بند رہیں گی۔