ایڈیشنل چیف سیکرٹری کا چنن پیر کا دورہ ، پانی ، طبی سہولیات کا جائزہ 

May 17, 2022

 ڈیرہ غازی خان‘ بہاول پور‘ ملتان (بیورو رپورٹس ‘ نمائندگان نوائے وقت)ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے چولستان کے علاقے صہب ٹوبہ، گھرکن اور چنن پیر کا اچانک دورہ کیااور گرمی کی موجودہ شدید لہر اور خشک سالی کے باعث پیدا شدہ صورتحال سے انسانی جانوں اور مویشیوںکی حفاظت، علاج معالجہ کے لئے ادویات کی فراہمی ، مویشیوں کی حفاظتی ویکسینیشن کے انتظامات اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے حوالہ سے جاری امدادی کاموں کا معائنہ کیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے چولستان کے علاقے گھرکن میں واٹر سپلائی لائن ، چنن پیر کے مقام پر قائم میڈیکل اور وٹرنری کیمپس سمیت چولستان کے دور افتادہ علاقہ جات میں پانی کی فراہمی کے لئے موجود واٹر باؤزر ز کا بھی معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر بہاول پور عرفان علی کاٹھیا نے اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر کو بریفنگ دی۔ کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے واٹر سپلائی لائن کے ذریعہ چولستانیوں کے جانوروں کے لئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا معائنہ کیا اور موقع پر موجود چولستانیوں سے گفتگو کی اور ان سے دستیاب سہولیات بارے استفسار کیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ میڈیکل آفیسرز اور پیرا میڈیکل سٹاف چولستان میں قائم کیمپس میں موجود رہیں اور لوگوں کو علاج معالجہ کی بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔دریں اثنا قبائلی علاقوں میں لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا عمل جاری ہے،کوہ سلیمان کے قبائلی علاقوں میں کوہ سلیمان ڈویلپمنٹ اتھارٹی،ڈسٹرکٹ کونسل،میٹروپولیٹن کارپوریشن،پی ایچ اے کے باؤزرز اور ٹینکرز لوگوں کو ان کے گھروں کے نزدیک انسانوں اور جانوروں کیلئے متواتر پانی بہم پہنچا رہے ہیں۔  جبکہ شہری علاقوں میں بھی لوگوں کو صاف پانی مہیا کیا جارہا ہے۔ ادھر بہاولپور میں ضلعی انتظامیہ نے جگہ جگہ ٹھنڈے پانی کی سبلیں لگاکربینرز آویزاں کردیئے ہیں لیکن شہریوں کوجوپانی پلایاجارہاہے وہ منرل واٹریاصاف پانی کی بجائے فائربریگیڈ کی گاڑیوں میں مضرصحت اورزہریلاپانی بھرکرلگائی گئی سبیلوں پرسپلائی کیاجارہاہے جس کے پینے سے شہریوں میں ہیضہ معدہ جگراورانٹریوں کی بیماریاں پھوٹنے کاخدشہ پیداہوگیاہے عوامی وسماجی حلقوں نے وزیراعلی پنجاب سے سخت نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے۔

مزیدخبریں