قصور (اے پی پی)ڈرپ اریگیشن کا نظام زرعی شعبہ میں انقلاب لاسکتاہے جبکہ کاشتکاروں میں پانی کی اہمیت اجاگرکرکے زرعی پیداوار میں نمایاں اضافہ بھی ممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہارڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچراصلاح آبپاشی قصور رانا تجمل حسین نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ حالات میں جب پانی کی شدید قلت کا سامناہے کاشتکاروں میں پانی کی اہمیت و افادیت سے انکار ممکن نہیں، کھیتوں کو مطلوبہ مقدار میں بروقت پانی کی فراہمی کے ذریعے زرعی اجناس کی پیداوارمیں نمایاں اضافہ کرکے سرسبز زرعی انقلاب کا راستہ ہموار کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈرپ اریگیشن کا نظام نہایت فعال اور زراعت و کسان دوست ہے جس سے بلندی پرواقع قطعات اراضی کو ضرورت کے مطابق پانی دیاجاتاہے اور اس انداز سے بنجراراضی کو لہلہاتی فصلات میں بھی بدلنا ممکن ہے۔