کراچی (اسپورٹس رپورٹر) سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور علیگڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی نے کھیلوں کے فروغ اور طلبا کی تربیت کے لیے معروف اولمپئن حنیف خان کو اسپورٹس کنسلٹنٹ مقرر کردیا ہے ۔ پاکستان قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان حنیف خان کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا ۔ تقریب کے شرکا میں مبشر مختار، احمد عالم، ڈاکٹر ماجد، ناصر علی، پرویز اقبال اور دیگر شامل تھے ۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے اولمپئن حنیف خان نے کہا کہ میں ایک عملی انسان ہوں جو زبانی باتوں پر یقین نہیں رکھتا ۔ اس وقت میرے پاس کہنے کے لیے کچھ نہیں ہے مگر مستقبل میں میرا کام ہی میری شاندار کارکردگی کا ثبوت ہوگا ۔ علیگڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے کنوینئر انجینئر محمد ارشد خان نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کو مثبت اور تعمیری سرگرمیوں میں مشغول رکھتے ہیں ۔رجسٹرار سید سرفراز علی نے کہا کہ سرسید یونیورسٹی غیر نصابی سرگرمیوں بالخصوص کھیلوں کوبہت اہمیت دیتی ہے ۔ جامعہ میں طلبا کو کھیلوں کے ضمن میں کافی سہولیات اور مراعات دی جاتی ہیں ۔ کھیلوں کے معیار میں بہتری لانے کے لیے ہی ہم نے حنیف خان کو اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے ۔کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے چیئرمین گلفراز خان نے کہا کہ یہ ایک نئے سفر کا آغاز ہے ۔ ہمارے پاس ایک اچھا انفرا اسٹرکچر موجود ہے اور سرسید یونیورسٹی کے طلبا اس سے بھرپور استفادہ کرسکتے ہیں ۔اسپورٹس کنوینئرقاضی نصر نے کہا کہ ہم کیمپس میں ایک اسپورٹس سینٹر قائم کرنے جارہے ہیں جس کے لیے ہ میں حنیف خان جیسے تجربہ کار لوگوں کی رہنمائی کی اشد ضرورت ہے ۔ حنیف خان سے اشتراک کھیلوں کے معیار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا ۔اس موقع پرناصر علی، اولمپئن احمد عالم، اور حیدر حسین و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔