روم(آئی این پی)سربیا کے بین الاقوامی شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ نے چھٹی مرتبہ اٹالین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔ انہوں نے مینز سنگلز مقابلوں کے فائنل میں یونانی ٹینس سٹار سٹیفانوس سیٹسیپاس کو شکست دے کر نہ صرف ٹائٹل اپنے نام کیا بلکہ اے ٹی پی ٹور مقابلوں میں 1001ویں فتح حاصل کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا۔اس سے قبل 34سالہ نوویک جوکووچ نے ٹاپ فور رائونڈ میں ناروے کے کیسپر رڈ کو شکست دے کر کیریئر کی 1000ویں فتح بھی اپنے نام کی تھی ۔ اٹالین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ اٹلی میں جاری ہے۔مینز سنگلز مقابلوں کے فائنل رائونڈ میں 34 سالہ سربین سٹار نوویک جوکووچ نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئیحریف یونانی کھلاڑی سٹیفانوس سیٹسیپاس کو سٹریٹ سیٹس میں 0-6 اور 6-7(5-7) سے شکست دے کر نہ صرف چھٹی مرتبہ اٹالین اوپن ٹینس ایونٹ جیتا بلکہ کیریئر کا 87 واں اے ٹی پی ٹائٹل بھی اپنے نام کی۔دونوں کھلاڑیوں کے درمیان ایک گھنٹہ اور 37 منٹ تک فائنل مقابلہ جاری رہا۔ عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ کا رواں سال کا پہلا ٹائٹل جو انہوں نے اپنے نام کیا۔ اس کامیابی کے بعد نوویک جوکووچ نے کہا کہ وہ اپنی اس فتح پر بہت خوش ہیں اور اس فتح کا فائدہ ان کو فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں ضرور ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 1001ویں اے ٹی پی ٹور فتح ان کے لئے کسی بڑے اعزاز سے کم نہیں ہے۔رواں سال کا دوسرا گرینڈ سلام فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ آئندہ ہفتہ فرانس کے دارلحکومت پیرس میں شیڈول ہے۔نوویک جوکووچ نے کہا ہے کہ ان کی کوشش ہوگی کہ وہ فرنچ اوپن کا ٹائٹل جیت کر رافیل نڈال کے سب سے زیادہ 21گرینڈ سلام ٹائٹلز جیتنے کے ریکارڈ کو برابر کریں ۔نوویک جوکووچ اب تک 9مرتبہ آسٹریلین اوپن، 2 مرتبہ فرنچ اوپن،6 مرتبہ ومبلڈن اوپن اور 3مرتبہ یو ایس اوپن ٹینس کے ٹائٹلز جیت چکے ہیں۔ اس فتح کے بعد نوویک جوکووچ کے ماسٹرز کی تعداد 38 ہوگئی ہیجو ایک ریکارڈ ہے۔قبل ازیںامریکی ٹینس کھلاڑی کلیئر لیو نے ڈبلیو ٹی اے پیرس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔ انہوں نے خواتین کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میں برازیل کی بیٹریز حداد مایا کو شکست دی۔فرانس کے دارلحکومت پیرس میں کھیلے گئے ڈبلیو ٹی اے ایونٹ کے فائنل میں امریکا کی کلیئر لیو کا مقابلہ برازیل کی بیٹریز حداد مایا سے تھا جس میں امریکی ٹینس کھلاڑی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے برازیل کی بیٹریز حداد مایا کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6 اور 4-6 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ جیت لیا۔اس سے قبل امریکی کھلاڑی نے سیمی فائنل میں ٹاپ سیڈ ایسٹونیا کی کایا کنیپی کو دلچسپ مقابلے کے بعد ہرا کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا تھا جبکہ برازیل کی بیٹریز حداد مایا نے رومانیہ کی اینا بوگدین کے خلاف کامیابی حاصل کرکے فائنل میں جگہ بنا ئی تھی۔