کراچی:وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں کسی صورت دہشت گردی کے متحمل نہیں ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں دہشت گردی کے نسبتاً کم واقعات ہوئے ہیں مگر کسی ایک شخص کا بھی قتل ہرگز قابل قبول نہیں ہے۔ بولے کراچی میں ایک مہینے میں دہشت گردی کے 3 واقعات ہوئے ہیں مگر دہشت گردی کے واقعات کچھ عرصے سے پورے ملک میں ہو رہے ہیں۔ پولیس رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جنوری سے 15 مئی تک پورے ملک میں دہشت گردی کے 219 واقعات ہوئے ہیں، 104 خیبر پختونخوا میں ہوئے جن میں 104 افراد شہید ہوئے، بلوچستان میں 104 واقعات ہوئے جن میں 101 افراد شہید اور 123 زخمی ہوئے، اسی طرح سندھ میں اس عرصے کے دوران دہشت گردی کے 11 واقعات پیش آئے جس میں 7 افراد شہید اور 25 زخمی ہوئے، جبکہ پنجاب میں دہشت گردی کا ایک واقعہ پیش آیا جس میں 3 افراد شہید اور 32 زخمی ہوئے۔
ہماری کوشش ہے کہ پورے ملک میں دہشت گردی کے واقعات پر قابو پائیں، ہم کسی بھی صورت اپنے صوبے کو ماضی کی طرح دہشت گردی میں لے جانے کے متحمل نہیں ہیں، ہم دہشت گردی کو روکنے کے لیے ہر قدم اٹھائیں گے جس میں کچھ لوگوں کو تکلیف بھی آئے گی۔مزید کہا مرکزی خفیہ ایجنسی کو تمام شواہد اپنی تحویل میں لینے چاہئیں اور میں نے خفیہ اداروں سے کہا ہے کہ کسی بھی عوامی مقام پر اس قسم کی معلومات سے مجھے بھی آگاہ نہ کریں۔