گوجرانوالہ+ لاہور (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی+ آئی این پی) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی صدارت میں پارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز کا اجلاس زمان پارک میں ہوا۔ پنجاب کے تمام ٹکٹ ہولڈرز کو عمران خان نے طلب کیا۔ زمان پارک میں ہونے والے اجلاس میں ولید اقبال، رفاقت گیلانی، نور الحق قادری سمیت پنجاب کے متعدد ٹکٹ ہولڈرز شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور پنجاب میں کارکنوں اور رہنمائوں کی گرفتاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ پنجاب میں ٹکٹ ہولڈرز کے ساتھ عوامی طاقت کا مظاہرہ کرنے پر بھی حکمت عملی طے کی گئی۔ اجلاس میں مریدکے جلسہ کو ہر صورت کامیاب بنانے کے لئے ٹکٹ ہولڈرز کو ٹارگٹ سونپ دیئے گئے۔ ٹکٹ ہولڈرز سے گفتگو کرتے ہوئے چئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ کل 18 مئی کو مریدکے میں ہمارا جلسہ ہر صورت ہو گا۔ گرفتاریوں کا خوف نہیں ہے، ہمارے خلاف سازش کامیاب نہیں ہوگی، 2 ہفتوں کی بات ہے معاملات ٹھیک ہو جائیں گے۔ اجلاس میں عمران خان پر امید دکھائی دئیے۔ گوجرانوالہ سے تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈرز چوہدری محمد احمد چھٹہ، میاں محمد ارقم خان، رانا بلال اعجاز، خالد عزیز لون، چوہدری محمد طارق گجر، لالہ اسد اﷲ پاپا، رضوان اسلم بٹ، علی اشرف مغل، چوہدری محمد علی، رانا نذیر احمد خان، چوہدری حسن اقبال بٹر، رانا علی وکیل خان، میاں حسن یوسف، چوہدری عمیر پرویز ورک، رانا ساجد علی، چوہدری محمد یوسف و دیگر نے بھی شرکت کی۔ فیصلہ کیا گیا کہ مریدکے جلسہ ہر صورت کامیاب کروایا جائے گا۔ اجلاس میں تحریک انصاف کے بے گناہ قائدین، عہدیداروں اور کارکنوں کے گھروں پر پولیس چھاپوں کی شدید مذمت کی گئی۔ عمران خان نے کہا ہے کہ ثابت کروں گا‘ جلاؤگھیراؤ کرنے والوں اور بندوق برداروں کو مظاہرین کی صفوں میں داخل کیا گیا۔ ویب سائٹ ٹوئٹر پر عمران خان نے اپنا ایک ویڈیو بیان شیئر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ویڈیو پیغام میں نے 18 مارچ کو اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیس میں بچھائے گئے قتل کے جال میں سے بحفاطت بچ نکلنے کے بعد ریکارڈ کروایا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے نہایت اصرار سے اپنے کارکنان کو تلقین کی کہ جتنا مرضی اشتعال دلوایا جائے، مکمل طور پر پُرامن رہتے ہوئے ہی احتجاج کرنا ہے۔ ان شاء اللہ جب بھی ایک آزادانہ تحقیق ہوگی میں یہ ثابت کروں گا کہ گھیراؤ کرنے والے، بندوق برداروں کو بالکل اسی طرح پُرامن مظاہرین کی صفوں میں داخل کیا گیا جیسے یہ اس موقع پر کرنے کی منصوبہ بندی کیے ہوئے تھے جس کا پردہ میں نے اس ویڈیو میں چاک کیا۔ حکومت کیلئے دفعہ 144 نہیں تو ہمارے لئے کیوں ہے۔ عمران خان نے عوام کو اگلی کال پر پر امن احتجاج کے لئے تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگوں کو گرفتار اور اغوا کر کے جیلوں میں ڈالا جا رہا، یہ ظلم عوام کو غلام بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے، عوام نے اس خوف کے بت کو توڑنا ہے۔ عوام کے نام خصوصی ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ جب چنگیز خان ایک شہر فتح کرتا تھا تو قتل عام کرتا تھا اور پھر جو چند لوگ زندہ چھوڑتا تھا انکو چاروں طرف پھیلا کر کہلواتا تھا کہ جاکر دنیا کو بتائو میں کتنا ظالم ہوں، میری کتنی دہشت ہے، اسکے نتیجے میں تمام شہر بغیر مزاحمت کیے ہاتھ کھڑے کرلیتے تھے، پاکستان میں بھی آج اس صورتحال سے گزر رہا ہے، ظلم کی داستانیں ٹی وی پر چلائی جا رہی ہیں، لوگوں کے گھروں کو مسمار کیا جا رہا ہے، جن کی وڈیوز سوشل میڈیا اور ٹی وی چینلز پر چلائی جا رہی ہیں، عورتوں پر کبھی کہیں ایسا ظلم روا نہیں رکھا گیا جو بے حرمتی اور ظلم آج پاکستان میں عورتوں پر کیا جارہا ہے۔ یہ ہر قسم کا خوف اس لیے پھیلایا جارہا ہے تاکہ لوگوں کو ڈرایا جاسکے اور کوئی بھی مزاحمت کے لیے باہر نہ نکلے، یہ ظلم عوام کو غلام بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ میرے پاکستانیوں یہ وقت اپنی آزادی لینے کا ہے، حقیقی آزادی کے لیے ہم سب کو قربانیاں دینی پڑیں گی، جب عوام ایک بار فیصلہ کرلے ہم نے یہ ظلم برداشت نہیں کرنا اور آئین و قانون اور عدلیہ کی بالادستی کروانی ہے، ہمیں آئینی طریقے سے آزادانہ انتخابات چاہیے، ہمیں اپنے منتخب کردہ نمائندے چاہیے اور چوروں کی حکمرانی سے نجات چاہیے تو اس وقت ہم حقیقی معنوں میں آزاد ہو جائیں گے۔
بندوق برداروں کی مظاہرین میں شمولیت ثابت کرونگا، کل میں مریدکے میں پاور شو کرینگے: عمران
May 17, 2023