لاہور‘ڈسکہ‘ چناب نگر ( سٹاف رپورٹر+نامہ نگار+نمائندہ خصوصی) ڈسکہ اور چناب نگر کے نواح میں 85 ہزار بیگ گندم برآمد‘ گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ فیصل احمد نے محکمہ فوڈ اور محکمہ مال ریونیو کے ہمراہ وڈالہ سندھواں میں قائم ماڈرن رائس ملز میں چھاپہ ماراتو وہاں پر ذخیرہ کی گئی گندم کے 45ہزار بیگ برآمد کر لیے اور برآمد ہونے والی گندم گوداموں میں منتقل کرا دی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر لالیاں خیزران علی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ دریائے چناب کے کچے کے علاقے میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مختلف ڈیرہ جات سے گندم کے ذخیرہ کئے گئے۔ 40 ہزار تھیلے برآمد کر کے گورنمنٹ خریداری مراکز کو روانہ کر دیئے ہیں۔ پکڑی گئی گندم کی قیمت 19 کروڑ 50لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ سیکرٹری خوراک پنجاب محمد زمان وٹو کے حکم پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر میانوالی خالد محمود کو گندم سمگل کروانے کے الزام میں معطل کر دیا گیا جبکہ بد انتظامی پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر راولپنڈی اور اٹک کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔ انھیں محکمہ خوراک میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مزید برآں سیکرٹری خوراک نے گوجرانوالہ میں گندم خریداری میں بے ضابطگی پر انکوائری کا حکم صادر کیا ہے اور ڈپٹی سیکرٹری خوراک عابد کلیار کو انکوائری افسر مقرر کر دیا گیا ہے۔