لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس کے نئے یونیفارم اور جوتوں کی خریداری کیلئے فنڈز کی منظوری دیدی ہے۔ آئی جی پنجاب کی منظوری کے بعد پنجاب ہائی وے پٹرول، سپیشل پروٹیکشن یونٹ، اینٹی رائٹ فورس، ڈولفن سکواڈ اور ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کے استعمال کیلئے نئے یونیفارم، جاگرزاور جوتوں کی خریداری کا عمل شروع کردیا ہے۔ مجموعی طور پر31 کروڑ 89 لاکھ 51 ہزار 715 روپے جاری کئے گئے ہیں۔پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس کے جوانوں کے 12 ہزار 213 نئے یونیفارم کی خریداری کیلئے 5 کروڑ 48 لاکھ 36 ہزار روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے جوانوں کے 6800 نئی یونیفارم کی خریداری کیلئے 3 کروڑ 20 لاکھ 96 ہزار روپے منظور کئے گئے۔اینٹی رائٹ فورس اور ایلیٹ پولیس فورس کے جوانوں کے 3 ہزار 876 جاگرز جوڑوں کی خریداری کیلئے 2 کروڑ 89 لاکھ 92 ہزار روپے، ٹریفک وارڈنز اور پی سی کے جوانوں کیلئے شوز کے 2 ہزار 650 جوڑوں کی خریداری کیلئے ایک کروڑ 32 لاکھ 10 ہزار روپے، سپیشل پروٹیکشن یونٹ اور ایلیٹ فورس کے جوانوں کیلئے ڈیزرٹ شوز کی خریداری کیلئے 5 کروڑ 42 لاکھ 08 ہزار روپے، ڈولفن سکواڈ کیلئے شوز کے 1475 جوڑوں کی خریداری کیلئے ایک کروڑ 37 لاکھ 61 ہزار روپے منظور کئے گئے ہیں۔