لاہور(کامرس رپورٹر ) صوبائی ریسورس موبیلائزشن کمیٹی کے اجلاس میں محصولات میں اضافہ کیلئے متعدد تجاویز کی منظوری دی گئی ہے۔اجلاس کی صدارت صوبائی وزیر صنعت و تجارت و توانائی ایس ایم تنویر نے کی۔صوبائی وزراء بلال افضل، ابراہیم مراد،سیکرٹری خزانہ،چیئرمین پی آراے اور دیگر کمیٹی ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں ٹیکس بیس سے باہر سروسز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔کمیٹی نے مختلف سروسز پر سیلز ٹیکس، پراپرٹی ٹیکس کی شرح بڑھانے اورگاڑیوں کی ٹرانسفر فیس کی شرح میں تبدیلی کی تجویز کی بھی منظوری دی۔ اجلاس میں آبیانہ وصولی کے نظام کو بہتر اور موثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی امور اور عوامی فلاحی سکیموں کو وسائل کے بغیر آگے نہیں بڑھایا جا سکتا۔اضافی وسائل کے حصول کے لئے ٹیکس نیٹ کو بڑھانا ضروری ہے۔