کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو کاروبار حصص میں تیزی کا رجحان دیکھا گیا اور مارکیٹ ایک بار پھر42ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد پر بحال ہو گئی جبکہ کے ایس ای100انڈیکس میں 280سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔کاروباری تیزی کی وجہ سے مارکیٹ کے سرمائے میں 35ارب روپے سے زائد کا اضافہ دیکھنے میں آیا جبکہ54.93فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔گزشتہ روز سرمایہ کارٹیلی کام، کیمیکل، پیٹرولیم، آئل اینڈ گیس اورسیمنٹ سیکٹرز میں سرگرم رہے۔ کے ایس ای100انڈیکس میں 287.82 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔کاروباری تیزی سے مارکیٹ سرمائے میں 35ارب 28 کروڑ 11 لاکھ 91 ہزار 127روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔منگل کو5ارب روپے مالیت کے 19 کروڑ 62لاکھ43ہزار حصص کے سودے ہوئے۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ روز مجموعی طور پر 324کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے178کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،120میں کمی اور26کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔