حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی) جماعت اہلسنت کے ضلعی امیر علامہ فیصل ندیم کیلانی نے یہاں بجلی محلہ میں سیدنا اویس قرنی ؓ کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی کریم ؐکی محبت کے بغیر ایمان کی تکمیل ناممکن ہے۔ اپنے قلوب میں محبت رسول ؐکے دیپ روشن کرنے کیلئے ضروری ہے کہ ہم سیدنا اویس قرنی ؓ کی حیات طیبہ کا مطالعہ کریں ۔انہوں نے کہا خیر التابعین حضرت سیدنا اویس قرنی ؓ ایک ہستی ہیں جنھیں مسلمان ہی نہیں بلکہ کفار بھی جانتے ہیںانہوںنے نئی نسل پر زور دیا کہ وہ اپنے والدین کی خدمت کے لئے ہمہ وقت کمر بستہ رہیںکیونکہ اسی میں اﷲاوراسکے پیارے محبوب ؐکی خوشنودی ہے۔آج لادینی قوتیں ہمیں اسلامی تعلیمات سے دور کرنے کے لئے اربوں ڈالر خرچ کررہی ہیں ۔ان حالات میں علماء ومشائخ پر فریضہ عائد ہوتا ہے کہ وہ نئی نسل کو اپنے اسلاف کی تعلیمات سے روشناس کرائیں۔