عمران خان کومزید کسی کیس میں گرفتاری سے روکنے کے حکم میں 31مئی تک توسیع

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اورسابق وزیر اعظم عمران خان کومزید کسی کیس میں گرفتاری سے روکنے کے حکم میں 31مئی تک توسیع کردی۔ عمران خان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیل فراہم کرنے کے لئے وفاقی حکومت کے وکلاء کی جانب سے مزیدکچھ وقت دینے کی استدعا کی گئی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف درج کیسز کی تفصیلات فراہم کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کی۔ دوران سماعت ایڈیشل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل، ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد بیرسٹر جہانگیر خان جدون اور اسٹیٹ کونسل پیش ہوئے۔ جبکہ عمران خان کی جانب سے بیرسٹر گوہر علی خان بطور وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت سرکاری وکلاء کی جانب سے عمران خان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیل فراہم کرنے کے لئے مزید وقت دینے کی استدعا کی گئی۔ عدالت نے وفاقی حکومت کو31مئی تک عمران خان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیل فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔ عمران خان کی جانب سے دائر درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ ان کے خلاف درج خفیہ مقدمات کا ریکارڈ بھی عدالت کے سامنے رکھا جائے۔

ای پیپر دی نیشن