المناک واقعات دوبارہ کسی قیمت پر دہرانے نہیں دیں گے:آرمی چیف

May 17, 2023 | 18:51

ویب ڈیسک

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ المناک واقعات کی دوبارہ کسی قیمت پر اجازت نہیں دیں گے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سیالکوٹ گیریژن کا دورہ کیا اور شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھاکر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ شہدا ء ہمارے ماتھے کا جُھومر ہیں جن سے آخرت میں اعلیٰ مقام کا وعدہ کیا گیا ہے، پاکستانی عوام کے دلوں میں شہداء کا عظیم مقام ہمیشہ قائم رہے گا۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ریاستِ پاکستان اور مسلح افواج تمام شہداء اور ان کے اہل خانہ کو ہمیشہ مقدم رکھتے ہیں اور مستقل طور پر ان کی عظیم قربانیوں کو انتہائی عزت و وقار کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی شہدا ء اور ان کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔ شہداء مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں، سرکاری اہلکاروں اور پاکستان کے عوام کے لیے حوصلہ اور فخر کا باعث ہیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اپنے دورے کے دوران آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ حال ہی میں ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت پیش آنے والے المناک واقعات کی دوبارہ کسی قیمت پر اجازت نہیں دی جائے گی۔آرمی چیف نے رینک اینڈ فائل کے سامنے اس عزم کو ایک بار پھر دہرایا کہ یوم سیاہ 9 مئی پر قوم کی توہین کرنے والے تمام ذمہ داران کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔انٹر سروسز پبلک ریلیشز کے مطابق آرمی چیف نے ماتحت فارمیشنز کی محنت، لگن، بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا جب کہ افسران اور جوانوں کے ساتھ بات چیت کے دوران، جنرل عاصم نے فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور اندرونی و بیرونی چیلنجز بشمول پروپیگنڈا وار فئیر سے نمٹنے کے لئے ہر طرح کی تیاری پر توجہ مرکوز رکھنے پر زور دیا۔

اس سے قبل آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی سیلکوٹ گیریژن آمد پر کمانڈر گجرانوالہ کور نے اُن کا استقبال کیا۔

مزیدخبریں