موجودہ حکومت ملکی معیشت کو بحال کرنے کیلئے کوشاں ہے: سردارایازصادق  

May 17, 2024

اسلام آباد (آئی این پی )سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملکی معیشت کو بحال کرنے کیلئے کوشاں ہے، سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بھرپور تعاون اور سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ وہ سعودی عرب کے معروف کاروباری گروپ التمیمی گلوبل کے صدر سردار محمد الیاس خان سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے سینٹورس کے سی ای او سردار یاسر الیاس خان، سینئر نائب صدر سینٹورس ڈاکٹر سردار راشد الیاس خان اور علی ملک کے ہمراہ سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی۔ سردار ایاز صادق نے پاکستان میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں سردار محمد الیاس خان کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لیے سردار الیاس خان کا کردار لائق تحسین ہے۔ سپیکر نے یقین دلایا کہ حکومت پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والے مقامی اور بیرون ملک سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی کمپنیوں کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی اور انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

مزیدخبریں