اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے عوامی جمہوریہ چین کے وزیر خزانہ سے ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم اور چین کے وزیر خزانہ نے پاک چین مالیاتی اور بینکنگ تعاون کو سراہا اوردونوں ممالک کے درمیان ’’آل ویدر سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ‘‘ کا مظہر قرار دیا، دونوں رہنماؤں نے بزنس ٹو بزنس روابط کے پیش نظر مالی تعاون کو مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ چینی وزیر خزانہ نے پاکستان کے اقتصادی ایجنڈے کو سراہا اور مالی استحکام کو مضبوط بنانے کی کوششوں میں چین کی پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا جبکہ مالیاتی اور بینکنگ تعاون کو فروغ دینے میں نائب وزیراعظم کے تعاون کو بھی سراہا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری راغب کرنے کے لیے اصلاحاتی ایجنڈے پر روشنی ڈالی اور چین سے سرمایہ کاری کے حوالے سے پاکستان کی اعلیٰ ترجیح پر بھی زور دیا جبکہ سرمایہ کاری کے حوالے سے جن ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کی گئی ان میں زراعت، آئی ٹی، کان کنی ، معدنیات اور قابل تجدید توانائی شامل ہیں۔نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے جمعرات کو بیجنگ میں چین کے ایگزم بینک کے چیئرمین وو فلن سے ملاقات کی۔ نائب وزیراعظم اور چیئرمین ایگزم بینک نے ایگزم بینک کے پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعاون اور پاکستان میں مستقبل کی سرمایہ کاری میں دلچسپی پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے خاص طور پر پاکستان سٹاک ایکسچینج کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔ نائب وزیراعظم نے بینک کو قابل تجدید توانائی، زراعت، صنعت کاری اور صنعتی شعبوں میں فنانسنگ کے نئے منصوبوں کی تلاش کی دعوت بھی دی۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے چینی سرکاری اور پرائیویٹ انٹرپرائزز پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان کی کاروبار دوست پالیسیوں، مسابقتی افرادی قوت اور ترجیحی منڈی تک رسائی سے فائدہ اٹھائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو بیجنگ میں چین کے ممتاز کاروباری اداروں، چیمبرز آف کامرس اور ایسوسی ایشنز کی قیادت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب وزیراعظم نے سی پیک کے دوسرے مرحلے میں بزنس ٹو بزنس روابط کو ترجیح کے طور پر اجاگر کیا۔ چینی کاروباری اداروں کی قیادت نے حکومت پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں، متعدد شرکاء کو پیش کردہ مراعات کو سراہا۔ چینی کاروباری اداروں نے پاکستان میں نئے کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کی ترقی اور توسیع میں کردار ادا کرنا ہے۔