پاک بحریہ بہادری اور قربانیوں کی قابل فخر تاریخ ہے: جنرل ساحر شمشاد

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں 53ویں پی این سٹاف کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کثیر جہتی روایتی اور غیر روایتی سکیورٹی چیلنجوں کا دوستانہ انداز میں مقابلہ کرنے میں پاکستان کی مسلح افواج کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے پاک بحریہ کے بطور جنگی تیاری کے کردار کو سراہا۔ جس نے ہمیشہ پاکستان کے سمندری مفادات کے تحفظ کے لیے قوم کی توقعات پر پورا اترا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاک بحریہ کی مادر وطن کے لیے بہادری اور قربانیوں کی قابل فخر تاریخ ہے۔ قبل ازیں پاکستان نیوی وار کالج کے کمانڈنٹ ریئر ایڈمرل اظہر محمود نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا استقبال کیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔

ای پیپر دی نیشن