مظفر آباد+ اسلام آباد (خبر نگار خصوصی + نامہ نگار نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی زیرصدارت آزاد جموں و کشمیرکابینہ کا اجلاس وزیراعظم سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پرمظفرآباد پہنچے تو وزیراعظم ر چوہدری انوارالحق نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق کی موجودگی میں ددھنیال پاور پراجیکٹ کے منصوبے پر دستخط کر دئیے گئے۔960 میگا واٹ کا یہ منصوبہ دریائے نیلم پر ددھنیال کے مقام پر بنایا جائے گا۔ شہبازشریف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں احتجاجی تحریک کے دوران شر پسند عناصر کی طرف سے صورتحال کو بگاڑنے اور جلائو گھیرائوں کی کوششیں ناکام ہو گئیں ، معاملات کو بہتر طریقے سے حل کر لیاگیا، پاکستان کشمیری عوام کے لئے پوری دنیا میں آواز اٹھاتا رہیگا، بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر اور فلسطین کی صورتحال دنیاخامو ش تماشائی بنی ہوئی ہے، وہ دن دور نہیں جب کشمیری اور فلسطینی عوام کو ان کے حقوق ملیں گے۔ میں بعض ایسے شر پسند عناصر تھے جن کا مقصد تھا کہ کسی طریقے سے آزاد جموں و کشمیر میں توڑ پھوڑ، انسانی جانوں کاضیاع اور جلائو گھرائو کیا جائے ۔ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ وزیراعظم نے کہاکہ انشا اللہ وہ دن جلد آئے گاجب کشمیری اور فلسطینی عوام کو ان کے حقوق ملیں گے۔ پانی کے معاملات کابھی حل نکالا جائیگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ منگلا فیزٹو کے باقی کام کو جلد مکمل کیا جائے گا۔ ملک قرضوں میں ڈوباہواہے ، اگر قرضوں سے جان چھڑانی ہے تو دن رات محنت کرنی ہو گی۔ شہباز شریف سے جموں و کشمیر کے حریت رہنماؤں کے وفد نے آج مظفرآباد میں ملاقات کی۔ حریت رہنماؤں نے آزاد جموں و کشمیر کی حالیہ صورتحال پر قابو پانے کے حوالے سے وزیر اعظم پاکستان کے کردار پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی سطح پر حمایت ہمیشہ جاری رکھے گا۔ انجینئر امیر مقام کو حریت رہنماؤں سے روابط مزید بہتر بنانے کی ہدایات بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے مستقبل کا حتمی فیصلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے، بھارت اپنی نام نہاد قانون سازی اور عدالتی فیصلوں کی آڑ میں اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں سے دستبردار نہیں ہو سکتا۔ جبکہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے،کامیابیوں کا سہرا پوری حکومتی ٹیم کو جاتا ہے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت مسلم لیگ ( ن) کے ارکان قومی اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعظم نے حکومتی معاشی پالیسیوں، بیرونی سرمایہ کاری اور سیاسی صورتحال پر ارکان کو اعتماد میں لیا۔ موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔وزیراعظم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مجھے پورا اعتماد ہے کہ اگر یونہی محنت جاری رکھی تو پاکستان کے معاشی حالات انشاء اللہ جلد ٹھیک ہو جائیں گے، پوری کوشش کر رہے ہیں کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف پہنچائیں۔
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی ) وزیر اعظم نے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے دورہ کیا، اس موقع پر وزیراعظم نے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے ڈیزائن میں نقائص اور ذمہ داری کے تعین کیلئے کابینہ کمیٹی کی تشکیل کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے بڑی بدقسمتی اور کیا ہو سکتی ہے اربوں ڈالرکے منصوبہ میں ڈیزائن کے نقائص سامنے آ جائیں،نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا ابتدائی تخمینہ 840 ملین ڈالر تھا جو بڑھ کر 5 ارب ڈالر تک جا پہنچا، وقت بھی ضائع ہوا، خرابی پیدا ہونے کا دوسرا واقعہ پیش آیا ہے، ذمہ داری کا تعین ہونا چاہئے تھا ۔ رواں ماہ ہی ایک حتمی رپورٹ تیار کی جانی چاہئے، ڈیزائنر، کنٹریکٹرز اور جو بھی ذمہ دار ہے اس کی ذمہ داری کا تعین ہونا چاہئے۔ خرابی یا تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی، غلطی اور زیادتی کی ہے تواس کا ہرجانہ ادا کرنا ہو گا۔ دوسری طرف وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ ہاکی کاکھیل دوبارہ عروج حاصل کرے گا، ہاکی کی بہتری کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، کھلاڑیوں کو محکموں میں دوبارہ شامل کرنے کی پالیسی پر ایک ہفتے میں عملدرآمد کیاجائے، پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑی اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں ہارکر بھی جیت گئے ہیں، میری خواہش ہے کہ کھلاڑیوں کی کارکردگی ایسی کہ ان میں ماضی کے ہیروز دکھائی دیں۔وزیراعظم ہائوس میں اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلنے والی قومی ہاکی ٹیم کے اعزازمیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ہاکی ٹیم کی مربوط کاوش آج رنگ لائی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کھلاڑیوں کو اداروں میں ملازمت کے مواقع فراہم کئے جائیں تاکہ وہ کھیل کے میدان میں پوری طرح اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں، انہیں وسائل کی کمی کا سامنا نہ ہو۔اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں، ایتھلیٹ ارشد ندیم اور پیرس اولمپکس کے لئیکوالیفائی کرنے والے رایفل شوٹنگ ٹیم میں چیک تقسیم کئے۔