اسرائیل جنگ ختم کرے، فوراً رفح سے نکل جائے، عرب لیگ

مناما؍ غزہ؍ ہیگ (نوائے وقت رپورٹ) بحرین میں عرب لیگ کے 33 ویں سربراہی اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ۔ عرب لیگ نے مطالبہ  کیا کہ اسرائیل غزہ پٹی میں جنگ فوری ختم کرے۔ اسرائیلی فورسز مکمل طور پر غزہ پٹی سے انخلاء کریں۔ دو ریاستی حل پر عملدرآمد تک فلسطینی علاقوں میں بین الاقوامی امن فوج تعینات کی جائے۔ دو ریاستی حل کو عملی جامہ پہنانے  کی ذمہ داری سلامتی کونسل پر ہے۔ اسرائیلی فوج فوری طور پر رفاہ سے نکل جائے۔ فلسطینیوں کو اپنی سرزمین سے جبری بیدخلی کی اسرائیل کوشش ناقابل قبول ہے۔ تمام فلسطینی مزاحمتی جماعتیں پی ایل او کی چھتری کے تحت متحد ہو جائیں۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے بحرین میں عرب سربراہ کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ سعودی عرب متفقہ عرب کوششوں پر یقین رکھتا ہے۔ فلسطینی مسئلے کے حل کیلئے مشترکہ کوشش جاری رکھنی چاہئے۔ شاہ بحرین نے عرب لیگ کے 33 ویں سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے مشرق وسطیٰ میں قیام امن کیلئے بین الاقوامی کانفرنس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ شاہ بحرین نے کہا کہ فلسطینیوں کو جائز حقوق، امن اور آزادی سے محروم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ فلسطینی  ریاست کو تسلیم کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں  مکمل رکنیت کی حمایت کرتے ہیں۔  اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگرتریس نے غزہ کی جنگ کو ایک کھلا زخم قرار دیتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا کہ اس جنگ سے پورے خطے کے متاثر ہونے کا اندیشہ ہے اور تمام یرغمالیوں کو فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا۔ عرب لیگ کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انتونیوگوتریس نے مزید کہا کہ تشدد اور عدم استحکام کو  ختم کرنے کا واحد مستقل راستہ دو ریاستی حل ہے۔ اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو نے اقوام متحدہ کی طرف سے فلسطینی ریاست کو مکمل رکنیت دینے کی قرارداد مسترد کر دی۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی حکومت اقوام متحدہ کی فلسطینی ریاست سے متعلق قرارداد کو مکمل  طور پر مسترد کرتی ہے۔ فلسطینیوں کو دہشتگرد ریاست قائم کرنے اور ہم پر حملہ کرنے نہیں دیں  گے۔ غزہ کے علاقے جبالیہ اور رفح میں حماس اور اسرائیلی فوج کے درمیان خون ریز لڑائی جاری ہے جس کے دوران فرینڈلی فائرنگ میں پانچ اسرائیلی فوجی ہلاک اور سات زخمی ہو گئے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف) کا دعویٰ ہے کہ اس کے فوجیوں کی ہلاکتیں حماس کے حملے میں نہیں بلکہ خود فوج کے اپنے ہاتھوں ہوئی ہیں۔ عالمی عدالت انصاف میں اسرائیل کیخلاف جنوبی افریقہ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی مہم کیخلاف دلائل دیئے۔ جنوبی افریقہ نے عالمی عدالت سے اسرائیل کیخلاف ہنگامی اقدامات کا حکم جاری کرنے کی استدعا کی۔ جنوبی افریقہ نے عالمی عدالت انصاف میں چار درخواستیں دائر کیں۔

ای پیپر دی نیشن