دھمکی پر پیسکو چیف کی گنڈا پور سے ملاقات، لوڈشیڈنگ کم کرنے کی یقین دہانی

پشاور (نیٹ نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈا پور کی دھمکی کام کر گئی۔ پشاور الیکٹرک کمپنی (پیسکو) کے چیف انجینئر نے غیر اعلانی یا اضافی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کر دی۔ پیسکو نے لائن لاسز کم کرنے کے لئے آپریشنز مزید تیار کرنے کی بھی ہدایت کر دی۔ علی امین گنڈا پور نے پشاور الیکٹرک پر قبضہ کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ لوڈشیڈنگ کم نہ ہوئی تو پیسکو پر قبضہ کر کے لوڈشیڈنگ شیڈول خود بنائیں گے۔ پشاور خیبر پی کے میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کم کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی وفاقی حکومت کو شیڈول جاری کرنے کی ڈیڈلائن پر چیف پیسکو متعلقہ عملے کے ساتھ وزیر اعلیٰ ہاؤس پہنچ گئے۔ وزیر اعلیٰ کو صوبے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، کمشنر پشاور اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ چیف پیسکو نے صوبے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کم کرنے اور لوگوں کو ریلیف دینے کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات کے دوران صوبے میں لوڈشیڈنگ کا نیا شیڈول جاری کرنے پر اتفاق ہو گیا۔ نئے شیڈول کے مطابق 22 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کم کر کے 18 گھنٹے اور 18 گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کم کر کے 14 گھنٹے کی جائے گی۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اگر کسی گرڈ میں طے شدہ شیڈول سے ایک منٹ زیادہ کی بھی لوڈشیڈنگ ہو تو پیسکو کے متعلقہ ایکسیئن کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی سے متعلق مسائل کے حل کے لئے وفاقی حکومت کے ساتھ بات کرنے کے لئے تیار ہیں، لیکن بات تب تک نہیں ہو سکتی جب تک صوبے کے عوام کو لوڈشیڈنگ کے حوالے سے فوری ریلیف نہ ملے۔ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ بجلی کی فی یونٹ قیمت 16 روپے سے بڑھ کر 65 روپے ہونے کے باوجود نہ شہریوں کو بجلی مل رہی ہے اور نہ بجلی کی ٹرانسمیشن کا نظام ٹھیک ہو رہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن