گرمی بڑھتے ہی شہری علاقوں میں   6 سے    8 گھنٹے لوڈشیڈنگ، بجلی کی طلب میںبھی اضافہ

May 17, 2024

اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ) ملک بھر میں گرمی کی شدید لہر شروع ہوتے ہی شہری اور دیہی علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا اور لوڈشیڈنگ کا’’جن‘‘ بے قابو ہوگیا۔ ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق ملک بھر میںبجلی کا شارٹ فال 5 ہزار 218 میگا واٹ سے بڑھ گیا، ملک بھر میں بجلی کی طلب 24 ہزار میگا واٹ ہوگئی، تمام ذرائع سے بجلی کی پیداوار18 ہزار 782 میگاواٹ ہے۔ پن بجلی ذرائع سے بجلی کی پیداوار5 ہزار5 سو، سرکاری تھرمل پاور پلانٹس6 سو میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں اسی طرح آئی پی پیز سے بجلی کی پیداوار8 ہزار 2 سو میگا واٹ ہے۔ ونڈپاور پلانٹس سے 7 سو میگا واٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے جبکہ سولر سے 157 میگا واٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ بگاس سے 278 میگاواٹ اور نیوکلیئر پاور پلانٹس سے 3300 میگا واٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔ بجلی طلب بڑھتے ہی ملک کے شہری علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ6 سے 8 گھنٹے کر دیا گیا جس سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی اور کاروبار بھی متاثر ہو رہا ہے۔

مزیدخبریں