پاکستان سے غزہ کیلئے 350 ٹن امداد کی ساتویں کھیپ مصر پہنچ گئی 

    قاہرہ (آئی این پی )غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ جارحیت کا شکار مظلوم فلسطینی بہن بھائیوں کے لیے پاکستان سے 350 ٹن امداد کی ساتویں کیپ مصر پہنچ گئی۔قاہرہ میں قائم پاکستان سفارتخانے کے مطابق پاکستان سے پہنچنے والی امداد کی یہ ساتویں کھیپ مصر میں پورٹ سعید پر پہنچنے کے بعد مصری ریڈ کریسٹنٹ کے حوالے کر دی گئی ہے۔اس امداد میں اشیائے خور ونوش اور ادویات کے علاوہ حفظان صحت کی کٹس، کمبل اور خیمے شامل ہیں۔ اب تک پاکستان کی جانب سے فلسطینی بہن بھائیوں کے لیے 680 ٹن انسانی امداد بھیجی جاچکی ہے جب کہ مزید امداد پائپ لائن میں ہے جو جلد ہی پہنچا دی جائے گی۔پاکستانی سفارتخانے کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان غزہ کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے اور فلسطینی بہن بھائیوں کے لیے درکار انسانی امداد فراہم کرتا رہے گا۔

ای پیپر دی نیشن