خیبرپختونخوا، پنجاب میں ہیٹ ویو، بارشوں اور طوفان کا الرٹ جاری

May 17, 2024 | 12:05

پی ڈی ایم اے پنجاب نے رواں ماہ ہیٹ ویو، بارشوں اور طوفان کا الرٹ جاری کر دیا۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 18 مئی تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، گجرات، جہلم، گوجرانوالہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، لاہور، قصور، سیالکوٹ،نارووال، اوکاڑہ، فیصل آباد، جھنگ، سرگودھا اور میانوالی میں آندھی و بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق رواں ماہ درجہ حرارت اوسطاً 8 ڈگری تک بڑھنے کے امکانات ہیں، 21 سے 27 مئی تک پنجاب میں ہیٹ ویو کے امکانات ہیں، موسم خشک اور درجہ حرارت نارمل سے 6 ڈگری زیادہ رہے گا۔پی ڈی ایم اے نے محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک کو الرٹ جاری کر دیا ہے، دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں 19 مئی تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔خیبرپختونخوا میں 21 سے 27 مئی کے دوران بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری بڑھنے کا امکان ہے، تمام ضلعی انتظامیہ کو موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ضلعی انتظامیہ کو گرد آلود ہواؤں، آندھی،گرج چمک سے پیشگی نمٹنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے، پی ڈی ایم اے نے اپنے مراسلہ میں کہا ہے کہ تمام اضلاع کی ضلعی انتظامیہ چھوٹی بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنائے۔درجہ حرارت میں اضافے کے پیش نظر شہری تیز دھوپ سے بچیں، پی ڈی ایم اے نے ہدایت جاری کی ہے کہ سیاحوں کو موسمی صورت حال سے آگاہ کیا جائے۔

مزیدخبریں