کراچی سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز بھی مندی رہی، ہنڈرڈ انڈیکس گیارہ ہزار نو سو پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔

کراچی سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت ہوا اور انڈیکس بارہ ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرنے کے فوری بعد ہی مندی کا شکار ہوگیا۔ پاکستان آئل فیلڈ ، پی ایس او اور ایم سی بی جیسے بڑے شئیرز میں تیزی بھی انڈیکس کو ریڈ زون میں جانے سے نہیں روک سکی۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس اناسی پوائنٹس کمی کے بعد گیارہ ہزار نو سو تیرہ پوائنٹس پر بند ہوگیا۔ سرمایہ کاروں کے انتہائی محطاط رویے،ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی عدم دلچسپی کے باعث کاروباری حجم دو کروڑ چھیاسی لاکھ شئیرز تک محدود ہوکررہ گیا ہے۔ سٹاک مارکیٹ میں فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی کے شئیرز میں سب سے زیادہ سودے ہوئے جب کہ دیگر فرٹیلائزر،انرجی،بینکس اور سیمنٹ کے سکرپٹس بھی آج مندی کی لپیٹ میں رہے۔ دوسری جانب لاہور سٹاک مارکیٹ میں آج بھی مندی کا رجحان برقراررہا۔ ایل ایس پچیس تینتیس پوائنٹ کی کمی کے ساتھ تین ہزار ایک سو اکیس پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں نواسی کمپنیوں کے چودہ لاکھ چار ہزار چار سو ترینسٹھ حصص کا کاروبار ہوا۔ آٹھ کمپنیوں کے حصص میں اضافہ، انتیس کمپنیوں کے حصص میں کمی جبکہ چون کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔

ای پیپر دی نیشن