لندن/ کراچی (نوائے وقت نیوز+ نوائے وقت رپورٹ+ وقائع نگار+ ایجنسیاں) سابق وزیر داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا نے دعویٰ کیا ہے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف انتہائی سنجیدہ اور حساس ثبوت لے کر آیا ہوں، وہ لندن پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن بھی ائرپورٹ پر موجود تھے۔ ایم کیو ایم کی طرف سے شرجیل میمن کے ذوالفقار مرزا کے ساتھ لندن جانے پر شدید تحفظات کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ شرجیل میمن سے جواب طلبی کرلی ان کے خلاف پارٹی نظم و ضبط کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق ذوالفقار مرزا نے کہاکہ پاکستانی کمیونٹی کو پاکستان کے خلاف ہونے والی سازشوں سے آگاہ کروں گا۔ ذوالفقار مرزا نے کہا کہ وہ الطاف حسین کے خلاف انتہائی حساس ثبوت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ پاکستان کو ملک کے اندر ظالمانہ کارروائیاں کرنے والے عناصر سے پاک کرنے کی ضرورت ہے۔ ذوالفقار مرزا اس دورے میں تنظیم فرینڈز آف لیاری انٹرنیشنل اور لارڈ نذیر کے مہمان ہیں۔ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ انکا دورہ نجی ہے کوئی بھی شخص کمرشل پرواز سے لندن جا سکتا ہے، میرے نجی دورے کو منفی رنگ نہ دیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ اگلی فلائٹ سے واپس وطن آ رہا ہوں میں وزیراعلیٰ سندھ کو بتا کر نہیں آیا۔ انہوں نے کہاکہ وطن واپسی پر اہم اعلان کروں گا۔ جو ذمہ داری دی گئی تھی وہ پوری کروں گا۔ آن لائن کے مطابق ذوالفقار مرزا نے کہا کہ برطانیہ میں بیٹھے شخص کی وجہ سے 25 سال سے قوم عذاب میں مبتلا ہے۔ پاکستانی قوم کو اس سے نجات دلانے آیا ہوں۔ لندن میں ذوالفقار مرزا نے ایک تقریب سے خطاب کیا جس کے دوران 3 نوجوانوں نے احتجاج کیا۔ ادھر ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی کے رہنماﺅں کا اہم اجلاس ہوا جس میں بلدیاتی اور کمشنری نظام پر بات چیت کی گئی۔ اجلاس سے پہلے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے ملاقات کی۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن کو وزارت سے ہٹائے جانے کا امکان ہے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ ہاﺅس میں ایم کیو ایم کے وفد جس میں فیصل سبزواری، رضا ہارون اور خالد شیخ افضل شامل تھے نے وزیراعلیٰ قائم علی شاہ سے ملاقات کی اور شرجیل میمن کے ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے ہمراہ لندن جانے پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیر اطلاعات سندھ کے خلاف پارٹی نظم و ضبط کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کے بعد ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری نے کہاکہ وزیراعلیٰ سندھ سے یک نکاتی ایجنڈے پر ملاقات کرانے آئے تھے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ بھی لاعلم تھے۔
کراچی (سالک مجید/ وقائع نگار) سندھ کے سابق وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کا دورہ لندن سیاسی حلقوں میں توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ ذوالفقار مرزا اعلانیہ طور پر ایم کیو ایم اور اس کے قائد الطاف حسین کیخلاف ثبوتوں سے بھرے صندوق لندن لے کر گئے ہیں جہاں ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کیس کی تحقیقات کرنے والے اسکاٹ لینڈ یارڈ کے حکام سے ذوالفقار مرزا کی ملاقات طے ہے ۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے اعتراض اور احتجاج کے بعد پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن کو اپنا دورہ برطانیہ مختصر کرکے پاکستان پہنچنے کی ہدایت کی ہے سیاسی حلقوں میں یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ شرجیل میمن کیا ذوالفقار مرزا کے ساتھی ہیں یا نگراں۔ ذوالفقار مرزا پر شرجیل میمن کو پارٹی نے نظر رکھنے کی ہدایت کی تھی اورکئی دنوں تک شرجیل میمن ذوالفقار مرزا کو میڈیا سے بات کرنے سے روکتے رہے۔ سیاسی حلقوں میں یہ بحث بھی جاری ہے کہ اب ایم کیو ایم نے ایک بار پھر پیپلزپارٹی پر دباﺅ بڑھانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔