”سارک ممالک کے تعلقات میں تاجروں کا کردار اہم ہے“

اسلام آباد(کامرس ڈیسک) نیپال کے سفیر بھرت راج پڈھیال نے کہا ہے کہ تجارتی رابطے خطے کی فضا کو سازگاربنانے کے علاوہ غربت سمیت تمام مسائل کا حل کر سکتے ہیں۔سارک ممالک کے مابین تعلقات میں تاجروں کا کردار انتہائی اہم ہے۔اسلام آباد ویمن چیمبر کی جانب سے سارک بزنس ویمن کانفرنس کے انعقاد سے تجارت کو فروغ اور خواتین کو با اختیار بنانے میں مدد ملے گی۔ہنرمندی خواتین کو با اختیار بنانے کا سب سے بہتر زریعہ ہے۔وہ جمعہ کو اسلام آبادویمن چیمبر کی بانی صدرثمینہ فاضل کی قیادت میں آنے والے ایک وفد سے بات چیت کررہے تھے۔وفد میں ویمن چیمبر کی صد فریدہ راشد، نائمہ انصاری اور دیگر بھی شامل تھے۔ بھرت راج پڈھیال نے کہا کہ پاکستان اور نیپال کے درمیان تجارت کا حجم تسلی بخش نہیں ہے جسے بہتر بنانے کے لئے اشتراک، بہتر رابطوں اور معلومات کے تبادلے کی ضرورت ہے۔انھوں نے ویمن چیمبر کی جانب سے خواتین کو با اختیار بنانے کی کوششوں کو سراہا اور اسلام آباد ایکسپو 2013میں نیپالی کاروباری برادری کی بھرپور شرکت کی یقین دہانی کروائی۔انھوں نے ویمن چیمبر کی جانب سے سارک کی کاروباری خواتین کی کانفرنس کو ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔اس موقع پر ثمینہ فاضل اور فریدہ راشد نے کہا کہ ہنرمند خواتین کی حوصلہ افزائی سے روایتی آرٹ اور کلچرکے تحفظ میں مدد ملے گی ۔انھون نے کہا کہ علاقائی تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے اجتماعی کوشش کی ضرورت ہے جس سے تمام سارک ممالک کو امن و خوشحالی کی صورت میں فائدہ ہو ۔

ای پیپر دی نیشن