پاکستان سلامتی کونسل میں فلسطینیوں کی مدد کرے :مصری صدر‘ مکمل حمایت کریں گے: پرویز اشرف

Nov 17, 2012

اسلام آباد (وقت نیوز) وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کو مصر کے صدر محمد مرسی نے ٹیلی فون کیا۔ دونوں رہنماﺅں نے غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ مصر کے صدر نے غزہ کی صورتحال پر سلامتی کونسل میں پاکستان سے مدد کی اپیل کی۔ مصری صدر نے کہا کہ سلامتی کونسل میں فلسطین کا مسئلہ اٹھایا جائے تو پاکستان حمایت کرے۔ وزیراعظم پرویز اشرف نے کہا کہ فوج اتارنے کی اسرائیلی دھمکی تشویشناک ہے۔ پاکستان غزہ پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ اسرائیلی فضائی حملے عالمی قوانین اور انسانی اقدار کے خلاف ہیں۔ مسئلہ فلسطین حل کئے بغیر مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن ممکن نہیں۔ پاکستانی عوام مشکل کی اس گھڑی میں فلسطینی عوام کے ساتھ ہیں۔ اسرائیلی جارحیت سے تشدد کی لہر پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مسئلہ فلسطین کو اٹھائے گا۔ غزہ میں حماس کے علاوہ معصوم شہریوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ پاکستان اقوام متحدہ میں فلسطین کی رکنیت کی حمایت کرتا ہے۔ مصری صدر نے فلسطینی عوام کی تحریک کی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

مزیدخبریں