پاکستانی قیادت کو اسامہ کی ایبٹ آباد موجودگی کا علم نہیں تھا:امریکہ

Nov 17, 2012

واشنگٹن(آن لائن)امریکہ نے اعتراف کر لیا ہے کہ پاکستانی قیادت کو اسامہ بن لادن کی ایبٹ آباد موجودگی کے بارے میں علم تھا اور نہ ہی پاکستان کو آپریشن سے پہلے آگاہ کیا گیا ۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق سپیشل آپریشنز کمانڈ کے کمانڈر ایڈمرل ولیم میکراون نے واشنگٹن میں منعقدہ ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایبٹ آباد آپریشن کے حوالے سے کئے گئے تمام تجربوں اور خفیہ اداروں کی رپورٹ میں کہیں بھی یہ ثبوت نہیں ملا کہ پاکستانی قیادت کو القاعدہ سربراہ اسامہ بن لادن کی ایبٹ آباد میں موجودگی کا علم تھا ۔انہوں نے یہ بھی اعتراف کیا کہ ایبٹ آباد آپریشن سے قبل پاکستان کو اس لئے آگاہ نہیں کیا کہ اگر پاکستان کو اس اہم آپریشن کے بارے میںآگاہ کر دیا جاتا ہے تو خطرات بڑھ جاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس آپریشن کےلئے بہترین اور قابل اعتماد کمانڈوز کی ٹیم تشکیل دی گئی تھی اور پورا یقین تھا کہ ہمارا مشن کامیاب ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ اسامہ کی ہلاکت کے باوجود غیر ریاستی عناصر بدستور خطرہ ہیں اور ان سے نمٹنے کےلئے ہم اہم مشن پر گامزن ہیں۔

مزیدخبریں