بہاولپور/ رحیم یار خان (نمائندوں سے) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور پیر پگاڑا پیر صبغت اللہ راشدی کے خالہ زاد سابق وفاقی وزیر سید تسنیم نواز گردیزی کے بھتیجے مخدوم احمد محمود کے ماموں زاد سابق چیئرمین ضلع کونسل و سابق نائب ضلع ناظم بہاولپور تحریک انصاف کے رہنما سید اویس گردیزی نے جمال دین والی میں خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔ وہ گزشتہ کچھ روز سے جمال دین والی میں اپنے رقبہ پر رہائش پذیر تھے ان کی خودکشی کی وجہ گھریلو اختلافات‘ جائیداد کی تقسیم اور باہمی خاندانی کشیدگی بتائی جاتی ہے۔ مرحوم اویس گردیزی کے قریبی حلقوں کا کہنا ہے کہ ان سے اس قسم کے اقدام کی توقع نہیں تھی کیونکہ وہ صوم و صلواة کے پابند‘ نیک سیرت انسان تھے تاہم گزشتہ کچھ عرصہ سے ڈیپریشن کا شکار تھے اور سوچوں میں گم رہتے تھے۔ میانوالی میں خاتون نے خاوند سے جھگڑے پر زہریلی گولیاں کھاکر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا ہے، نوجوان محمد شہزاد نے اپنی ماں سے جھگڑ کر پسٹل سے خود کو فائر مارکر خودکشی کرلی۔