اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان کرکٹ ٹےم کے سابق فاسٹ باﺅلر سرفراز نواز نے کہا ہے کہ پی سی بی جواری کرکٹرز کو دوبارہ ٹیم میں شامل کرنے کی غلطی کر کے کرکٹ پر خود کش حملہ کریگی‘ جن کرکٹرز نے ملک کا نام بدنام کیا ان کو کرکٹ ٹیم تو دور کی بات ملک میں بھی رہنے کا حق نہیں ہونا چاہئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز نواز نے کہا کہ مجھے حیرت ہو رہی ہے کہ پی سی بی جواری کرکٹرز کی سزائیں معاف کرانے میں دلچسپی لے رہا ہے اور اگر ایسا کیا گیا تو میں یہ بات دعوی سے کہہ سکتا ہوں کہ یہ کرکٹ پر خود کش حملہ ہو گا اور دنیا میں کوئی بھی پاکستانی کرکٹ کی حمایت نہیں کریگا۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی جواری کرکٹرز کو کسی قسم کی رعایت دینے کی بجائے کرکٹ سے جوئے کے خاتمہ کیلئے سخت قوانین بنائے ورنہ کھلاڑی باز نہیں آئیں گے۔