لاہور (اپنے نامہ نگار سے) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے سی سی پی او لاہور اور ایس ایچ او شادمان کو عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے پر آئی جی پنجاب کو اجلاس طلب کرکے معاملے پر غور کرنے کا حکم دیا۔ ایڈیشنل اینڈ سیشن جج صفدر علی بھٹی کی عدالت سے سی سی پی او لاہور اور ایس ایچ شادمان کو جاری شوکاز نوٹس میں کہا گیا کہ پولیس کی طرف سے عدالتی احکامات پر عمل نہ کرکے انصاف کی فراہمی کے سسٹم کو خراب کیا جا رہاہے، عدالت کی طرف سے ایس ایچ او اور ان کے افسران کو روزانہ احکامات جاری کئے جاتے ہیں مگر ان پر کوئی عمل نہیں ہوتا، جس سے انصاف کی فراہمی کا نظام درہم برہم ہوتا نظر آرہا ہے۔ فاضل عدالت نے مدعی وقار ریاست کی محمد یوسف کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر پولیس کو کارروائی کا حکم دیا تھا، جس کا پولیس نے 2 ماہ سے کوئی جواب داخل نہیں کرایا۔