انقرہ (آن لائن)ترکی کے سپیکر سیملسیسک نے کہاہے کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان زیادہ سے زیادہ پارلیمانی وفودکے تبادلوں اورعوامی رابطوں کے ذریعے خصوصی تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جانا چاہئے جبکہ سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ پارلیمانی وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلوں کے ذریعے ایک دوسرے سے سیکھنے اور جمہوریت اور جمہوری اداروں کے استحکام کیلئے مل کر کام کرنے کا موقع ملے گا۔سینیٹر مشاہد حسین سید کی سربراہی میں پارلیمانی اور رائے عامہ کے رہنماؤں کے سولہ رکنی وفد نے انقرہ میں ترکی کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے سپیکرسیسک سیمل اور مختلف پارلیمانی کمیٹیوں کے چیئرمینوں سے ملاقات کی ۔ سیسک سیمل نے کہا کہ ترکی پاکستان فرینڈ شپ گروپ ترک قومی اسمبلی کے سب سے بڑے گروپوں میں سے ایک ہے۔