سکیورٹی فورسز پر خود کش حملہ ۔ بم دھماکوں میں 2 پولیس اہلکار جاں بحق، 3 فوجی جوانوں سمیت 18 زخمی

Nov 17, 2013

پشاور+ بنوں+ ڈیرہ اسماعیل خان (اے این این + آن لائن + این این آئی) خیبر پی کے میں خود کش حملے اور بم دھماکوں میں 2 پولیس اہلکار جاں بحق، 3 فوجی جوانوں سمیت 18 زخمی ہوگئے۔ بنوں میں سکیورٹی فورسز کے قافلے کے قریب خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑایا۔ پشاور اور ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس قافلوں کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا، پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے تفتیش شروع کردی۔ ہفتہ کی صبح پہلے واقعہ میں بنوں میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر خودکش حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ دو پولیس اہلکار، 3 فوجی جوان اور 3 شہری زخمی ہوگئے۔ واقعہ کے بعد علاقے کو سیل کردیا گیا۔ پشاور میں پولیس موبائل سکیم چوک کوہاٹ روڈ پرمعمول کی گشت پر تھی کہ اچانک سڑک کنارے نصب بارودی مواد دھماکے سے پھٹ گیاجس کے نتیجے میں ایک اے ایس آئی سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق دھماکے میں 4 سے 5 کلوگرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر تحقیقات شروع کردی۔ تیسرا واقعہ ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کولاچی میں پیش آیا جہاں مڈی روڈ پر بارودی مواد سڑک کنارے نصب تھا۔ دھماکے سے ایک سکیورٹی اہلکار جاںبحق ہو گیا جبکہ دو زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق سکیورٹی اہلکار کولاچی میں محرم کی ڈیوٹی کے بعد واپس آرہے تھے۔ واقعہ کے بعد علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن بھی کیا گیا اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلئے گئے۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے واقعات کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ آن لائن کے مطابق ہفتہ کے روز صبح دس بجے قانون نافذ کرنیوالے ادارے کا قافلہ بنوں شہر کی طرف آ رہا تھا کہ دریائے کرم پل بنوں کوہاٹ روڈ پر مخالف سمت سے آنیوالے چنگ چی رکشے میں سوار خودکش حملہ آور کے قریب جوں ہی فورسز کے کانوائے میں شامل نیم فوجی اہلکاروں کے گاڑی کے ساتھ خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس سے انکے اعضا دور دور تک بکھر گئے جبکہ ایک پولیس اہلکار اور تین ٹوچی سکاوٹ کے اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ کرم پل پر گزرنے والی پبلک گاڑی میں سوار تین شہری بھی زخمی ہو گئے۔ فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا اور بنوں کوہاٹ روڈ کو ہر قسم ٹریفک کیلئے مسلسل تین گھنٹوں تک بند رکھا سرچ آپریشن میں تین مشکوک افراد کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق خودکش حملہ آورنے حملے میں 20 کلو بارودی مواد کا استعمال کیا ہے۔ این این آئی کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی میں پولیس گاڑی دھماکہ سے اڑا دی گئی جس سے ایک اہلکار جاںبحق اور 8 زخمی ہو گئے۔

مزیدخبریں