لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ راولپنڈی کے افسوسناک واقعہ کی عدالتی تحقیقات کا حکم دے دیا اور کہا ہے کہ واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے درخواست ہے کہ وہ معاملے کی عدالتی تحقیقات کرائیں تاکہ ذمہ داروں کا تعین کر کے انہیں قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلائی جا سکے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے راولپنڈی کے افسوسناک واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس کا اظہار کیا۔ لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے محمد شہبازشریف نے کہا کہ جاں بحق ہونے والوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ قاتلوں کو ہر صورت قانون کی گرفت میں لا کر کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔ پرامن ماحول اور فضا کو خراب کرنے والے عناصر اور قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ محرم الحرام کے دوران صوبہ بھر میں امن وامان کی صورتحال اطمینان بخش رہی ہے تاہم راولپنڈی میں ہونے والے افسوسناک واقعہ نے شہر کے امن کو خراب کیا۔ وزیراعلیٰ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پرامن رہیں ۔ بھائی چارے اور امن عامہ کی فضا برقرار رکھیں۔ میں عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ واقعہ میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا ضرور ملے گی اور ایسے عناصر جنہوں نے شہر کے پرامن ماحول کو خراب کیا وہ کسی صورت سزا سے بچ نہیں پائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے پولیس افسروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں سکیورٹی کو مزید بڑھائیں۔ پبلک مقامات پر سادہ کپڑوں میں ملبوس پولیس اہلکاروں کو تعینات رکھا جائے۔ لاؤڈ سپیکر کے ناجائز استعمال اور اشتعال انگیز تقاریر پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔ پولیس افسر علمائے کرام سے رابطے میں رہیں، ان کی مشاورت سے پرامن فضا برقرار رکھنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے راولپنڈی کے افسوسناک واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لئے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے پنجاب بھر میں یوم عاشور اور عشرہ محرم کے دوران امن عامہ کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے صوبے کی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ محرم کے ایام میں صوبہ میں امن عامہ کی مجموعی صورتحال تسلی بخش رہی۔ راولپنڈی میں افسوسناک واقعہ کے سوا صوبے میں ہر جگہ عاشورہ محرم کی تقریبات پرامن طور پر اختتام پذیر ہوئیں۔ یہ امر ہم سب کے لئے باعث اطمینان ہے اور میں اس ضمن میں بھرپور انتظامات اور شب و روز محنت پر پنجاب کی انتظامیہ‘ سکیورٹی اداروں‘ پولیس‘ سرکاری افسروں اور اہلکاروں کا شکرگزار ہوں۔ تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کا بھی دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہوں جنہوں نے اتحاد بین المسلمین کی مساعی کو کامیاب بنانے میں بھرپور کردار ادا کیا۔ پنجاب کے عوام کی طرف سے محرم الحرام کے ان ایام میں جس اتحاد و یگانگت کا عظیم الشان مظاہرہ کیا گیا اس پر میں انہیں بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جہاں تک راولپنڈی کے افسوس ناک واقعہ کا تعلق ہے اس کے ذمہ دارقانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے اور اس واقعہ میں ملوث تمام افراد کی نشاندہی کر کے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور راولپنڈی واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔ انہوںنے کہا کہ واقعہ کی عدالتی تحقیقات کرائی جائے گی۔ ذمہ داروں کے ساتھ آ ہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اگر کسی انتظامی یا پولیس افسر کی کوتاہی پائی گئی تو اس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے مولانا فضل الرحمن سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے میں اپنا کردار ادا کریں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد اور یگانگت کی فضا برقرار رکھیں اور باہمی پیار اور محبت میں کوئی کمی نہ آنے دیں۔ ایوان وزیراعلیٰ سے جاری ہونے والی ایک اپیل میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں ہونے والے واقعہ پر ہر پاکستانی دکھی اور غمزدہ ہے۔ اس واقعے میں ملوث افراد پاکستان اور اسلام دونوں کے دشمن ہیں۔ پاکستان کے عوام نے قومی تاریخ کے تمام مراحل پر فرقہ وارانہ سوچ سے بلند ہوکر ملک و قوم کے استحکام اور سربلندی کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے۔وہ اپنے اس کردار پر سختی سے قائم رہتے ہوئے ان عناصر کے عزائم کو ناکام بنا دیں گے جو پاکستان میں رواداری اور اخوت کی فضا کو نقصان پہنچاکر ملکی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں۔ پاکستان کے یہ دشمن فرقہ وارانہ اختلافات کو ہوا دے کر امن عامہ کی تباہی کے ذریعے اپنے مخصوص مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ میری علمائے کرام سے خصوصی طور پر اپیل ہے کہ وہ عوام کے درمیان اتحاد اور اخوت کے جذبات کے فروغ کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔ حکومت اور عوام علمائے کرام سے چاہے ان کا تعلق کسی بھی مکتبہ فکر سے ہو، بجاطور پریہ توقع رکھتے ہیں کہ وہ اس موقع پر اپنے اپنے حلقہ اثر میں صورتحال کو معمول پر لانے اور امن عامہ کی فضا کو مستحکم کرنے کے لئے اپنی قومی اور ملی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین مولانا طاہر اشرفی کو فون کیا اور یقین دہانی کرائی کہ سانحہ راولپنڈی میں ملوث ملزموں کو گرفتار کیا جائے گا۔ مولانا طاہر اشرفی نے کہا املاک کو نقصان پہنچانا کھلی دہشت گردی ہے۔ پنجاب حکومت نے سانحہ راولپنڈی کی عدالتی تحقیقات کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے باضابطہ درخواست کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس میں دی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ یوم عاشور کے موقع پر راولپنڈی میں پیش آنے والے سانحے کے باعث کئی افرا د جاں بحق جبکہ قیمتی املاک کو نقصان پہنچا۔ اس سانحے کے ذمہ داروں کا تعین اور انہیں قرار واقعی سزا دینا بہت ضروری ہے اس لئے عدالت سے استدعا ہے کہ واقعے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کسی سینئر جج سے کرائی جائے تاکہ واقعے کے اصل کرداروں کا تعین کیا جا سکے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد اور یگانگت کی فضا برقرار رکھیں اور باہمی پیار اور محبت میں کوئی کمی نہ آنے دیں۔ ایوان وزیراعلیٰ سے جاری ہونے والی ایک اپیل میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں ہونے والے واقعہ پر ہر پاکستانی دکھی اور غمزدہ ہے۔ اس واقعے میں ملوث افراد پاکستان اور اسلام دونوں کے دشمن ہیں۔ پاکستان کے عوام نے قومی تاریخ کے تمام مراحل پر فرقہ وارانہ سوچ سے بلند ہوکر ملک و قوم کے استحکام اور سربلندی کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے۔وہ اپنے اس کردار پر سختی سے قائم رہتے ہوئے ان عناصر کے عزائم کو ناکام بنا دیں گے جو پاکستان میں رواداری اور اخوت کی فضا کو نقصان پہنچاکر ملکی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں۔ پاکستان کے یہ دشمن فرقہ وارانہ اختلافات کو ہوا دے کر امن عامہ کی تباہی کے ذریعے اپنے مخصوص مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ علمائے کرام عوام کے درمیان اتحاد اور اخوت کے جذبات کے فروغ کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے راولپنڈی اور ملتان کے واقعات کے بعد صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں سانحہ راولپنڈی کی تحقیقاتی رپورٹ پیش کی جائیگی۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے سانحہ راولپنڈی کی تحقیقات کیلئے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے جو تین روز میں اپنی رپورٹ پیش کریگی۔
راولپنڈی واقعہ کی عدالتی تحقیقات کرائیں گے ۔ شہباز شریف
Nov 17, 2013