سرینگر(ثناءنیوز)کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ یہاں کے نام نہاد حکمرانوں میں ذرا برابر بھی جذبہ ہمدردی ہوتا تو وہ کبھی بھی سیلاب جیسی اس مصیبت میں الیکشن لڑنے کے لےے تیار نہیں ہوتے، اقتدار کے بھوکوں نے قوم کو چیختے چلاتے چھوڑا اور خود الیکشن لڑنے لگے۔ کوئی تو دیکھے ان نام نہاد حکمرانوں نے لوگوں کی کیا مدد کی ان کا سیلاب میں اور سیلاب کے بعد کیا رویہ رہا اور کس چیز کو ترجیح دی۔ ہوس اقتدار میں مبتلا بھارت اور مقامی نام نہاد سیاست دان الیکشن کو فی الحال ملتوی بھی کرسکتے تھے اور سب سے پہلے لوگوں کی مدد کرتے، مگر ایسا نہیں کیا گیا اور جموں کشمیر کے لوگوں کو مدد کے لےے تڑپایا اور ترسایا گیا۔ یہ سب غلامی کا نتیجہ ہے۔ بھارتی الیکشن کمیشن نے بذات خود صورتحال کا جائزہ لیا، مگر حالات کا جائزہ لینے کے بعد الیکشن شیڈول کا اعلان کرکے یہاں کے عوام کی مصیبتوں میں از حد اضافہ کیا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے سیلاب زدگان کو ریلیف فراہم کرنے کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے اتوار کو پلوامہ اور بڈگام اضلاع سے تعلق رکھنے والے 50گھرانوں کو دس دس ہزار روپئے کے چیک اور دیگر ضروریاتِ زندگی پر مشتمل پیکٹس تقسیم کرنے کو موقع پر کیا ۔ کل جماعتی حریت کے چیرمین سید علی گیلانی نے ان متاثرین مین ریلیف کا سامان اور امدادی چیک تقسیم کیے تھے اس موقع پر حریت رہنما سید علی گیلانی نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اپنی گہری ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ آج ہم سیلاب متاثرین میں ریلیف تقسیم کرنے کا آٹھواں سلسلہ مکمل کرنے کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا میں دل کی عمیق گہرائیوں سے ان تمام صاحب خیر حضرات کا شکریہ ادا کرتاہوں جنہوں نے ہمارے بینک اکاونٹ میں نقد یا ہمارے دفتر میں نقدوجنس، چاول، بسترے، کپڑے وغیرہ جمع کرکے ہمیں ضرورت مندوں کی مدد کرنے کے قابل بنایا۔ انہوں نے کہا اﷲ ان صاحب خیر لوگوں کی ان کاوشوں کو قبول کرے اور ان کو اپنی طرف سے مزید اعانت کا سلسلہ جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔انھوں نے کہا کہ لوگوں کی مفلوک حالی تقاضا کرتی ہے کہ سلسلہ¿ امداد کو تادیر جاری رکھا جائے، کیونکہ لاکھوں لوگوں کے گھر مسمار ہوچکے ہیں۔ مکانات سے محرومی کی وجہ سے اہل خانہ ان کے معصوم بچے، بوڑھے، بزرگ سردیوں کی وجہ سے انتہائی دردوکرب میں مبتلا ہیں۔ سرد ترین موسم میں ان کی راتیں گزارنا دردِ دل رکھنے والے ہمدردوں، غمخواروں اور غم گساری کا احساس ہوسکتا ہے۔