پی ٹی وی کے ریٹائرڈ ملازمین کو ایک سال گزرنے کے باوجود واجبات نہیں ملے

اسلام آباد (کلچرل رپورٹر) پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کے ریٹائرڈ ملازمین کو ایک سال گزر جانے کے باوجود پنشن کمیوٹیشن و دیگر واجبات ادا نہیں کئے گئے جبکہ دوسری جانب کارپوریشن کے قواعد و ضوابط کے برخلاف لاکھوں روپے مشاہرے پر منظور نظر لوگوں پر نوازشات کا سلسلہ جاری ہے۔ ریٹائرڈ ملازمین انتہائی کسمپرسی کا شکار ہیں ان کا کہنا تھا جب بھی ہم اپنے ہیڈ آفس سے رجوع کرتے ہیں ہمیں جھوٹی تسلی تشفی دے کر ٹال دیا جاتا ہے۔ ملازمین جن میں افسر کیڈر کے لوگ بھی شامل ہیں نے مزید کہا کہ ہمیں یہ بھی کہا جاتا ہے کہ پیسے نہیں ہیں جب حکومت سے خصوصی گرانٹ ملے گی تو واجبات ادا کر دیئے جائیں گے۔ ریٹائرڈ ملازمین نے چیف جسٹس پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سنجیدہ مسئلے کا ازخود نوٹس لے کر پی ٹی وی اور وزارت اطلاعات کے حکام کو عدالت عظمیٰ میں طلب کریں تاکہ ریٹائرڈ افراد اور ان کے اہلخانہ کو واجبات کی ادائیگی کی کوئی سبیل نکلے اور وہ بھی سکھ کا سانس لے سکیں۔
ملازمین

ای پیپر دی نیشن