فریڈم فلوٹیلا پر حملہ : سپین میں اسرائیلی وزیراعظم کے وارنٹ گرفتاری جاری

Nov 17, 2015

مقبوضہ بیت المقدس + غزہ (این این آئی + اے ایف پی + آن لائن+نوائے وقت رپورٹ) قابض اسرائیلی فوج نے سوموار کو صبح مقبوضہ بیت المقدس کے قلندیا کیمپ پر ہلہ بول دیا ۔ کیمپ میں موجود فلسطینیوں کیساتھ مدبھیڑ کے نتیجے میں 3 نوجوان شہید ‘20 زخمی ہوگئے۔ علی الصباح کی جانیوالی اسرائیلی کارروائی میں محمد شاہین شامی فلسطینی قیدی کا گھر بھی مسمار کر دیا گیا۔ طبی ذرائع نے بتایا کہ 28 سالہ احمد ابو العیش اور 21 سالہ ولیث اسعد مناصرہ قلندیا میں اسرائیلی فوجیوں کی گولی سے زخمی ہوئے جبکہ دسیوں زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں 4 افراد کو براہ راست گولیاں لگیں۔ کارروائی کے دوران اسرائیلی فوج نے زخمی ہونیوالے لڑکوں کو بھی گرفتار کیا اور ساتھ لے گئی۔ حال ہی میں اسرائیلی قید سے رہا ہو کر آنے والے قلندیا کیمپ کے ایک رہائشی نے میڈیا کو بتایا کہ قابض فوج نے مقامی وقت شب دو بجے محاصرہ کیا اور اس کے بعد ہلہ بول دیا۔ انہوں نے بتایا کہ مزاحمت کار نوجوانوں نے اسرائیلی فوج کا مقابلہ کیا جس میں مسلح جھڑپیں شروع ہو گئیں جس میں ابو العیش نامی نوجوان شہید ہوا۔ دوسری طرف اسرائیلی بحریہ کی لڑاکا کشتی نے سوموار کی صبح شمالی غزہ کی پٹی میں سمندری حدود کے اندر مچھلی کا شکار کرنیوالی فلسطینی کشتی کا تعاقب کیا اور اس پر فائرنگ کی جس کے باعث 2 فلسطینی مچھیرے زخمی ہو گئے، جنہیں کشتی میں سوار ان کے دیگر ساتھیوں نے الشفاء ہسپتال داخل کرادیا۔ادھر اسرائیلی حکام نے مغربی کنارے کے شہر الخلیل کی جنوبی میونسپلٹی السموع کا مغربی دروازہ اتوار کی رات بغیر وجہ بتائے بند کر دیا۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے قابض صہیونی اپنے ہمراہ فوجی بلڈوزر لیکر آئے اور انہوں نے المسموع بلدیہ کا شمالی راستہ سیمنٹ کے بڑے بڑے بلاک رکھ بند کر دیا۔ اسرائیلی حکومت نے یہودی نسب سے تعلق کے دعویدار ہزاروں ایتھوپیائی یہودیوں کو صیہونی ریاست میں بسانے کی منظوری دیدی ہے۔ دو سال قبل یہ دعویٰ سامنے آیا تھا کہ ایتھوپیا میں کوئی یہودی باقی نہیں رہا۔اقوام متحدہ کے ماہر کرسٹون ہینس نے کہا اسرائیلی فوج طاقت کا استعمال کر رہی ہے۔ فلسطینیوں کو سرسری سماعت کے بعد سزائیں سنانے کا امکان ہے۔ادھر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے۔ برطانوی اخبار کے مطابق وارنٹ گرفتاری سپین حکومت نے جاری کئے۔ سپین میں داخلے کی صورت میں نیتن یاہو کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ فریڈم فلوٹیلا حملے کے مقدمے میں نیتن یاہو کے وارنٹ جاری ہوئے۔ دیگر اسرائیلی حکام کے بھی وارنٹ جاری کئے گئے ہیں۔ اسرائیل نے 2010ء میں فلسطین جانے والے 6 جہازوں پر حملہ کیا تھا۔ حملے میں انسانی حقوق کی تنظیموں کے 9 ارکان ہلاک ہوئے تھے۔

مزیدخبریں