اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزارت داخلہ نے نیشنل ایکشن پلان کی کامیابیوں کے متعلق رپورٹ مرتب کر لی۔ رپورٹ کے مطابق چاروں صوبوں کی ایپکس کمیٹیوں کے اب تک 32 اجلاس منعقد ہوئے۔ ملک بھر میں مجموعی طور پر 65 ہزار 397 آپریشنز کئے گئے۔ فرقہ واریت‘ دہشت گردی کے 62 کیس عدالتوں میں زیرالتوا ہیں جبکہ 9 لاکھ 29 ہزار 405 مشکوک افراد کے کوائف چیک کئے گئے۔ خیبر پی کے میں 5‘ بلوچستان میں 53 اور اسلام آباد میں 4 کیس زیرالتواء ہیں۔ انٹیلی جنس بنیاد پر 5 ہزار 962 آپریشنز کئے گئے۔ اب تک 73 ہزار 123 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ہتھیار ڈالنے والے فراریوں کیلئے 3 ارب روپے مختص کئے گئے۔ 9 فوجی عدالتوں میں بھجوائے گئے کیسز کی تعداد 73 ہو گئی۔ دہشت گردی کے 214 مجرموں کو پھانسی کی سزا دی جا چکی ہے۔