لاہور (کلچرل رپورٹر) ملک کے مایہ نازگلوکار اے نیئرکو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ جیل روڈ پر واقع گورا قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ ان کا انتقال 11 نومبر کو ہوا تھا تاہم ان کی بیوہ، بیٹیوں اور بھائی عبدالقیوم ناصر کے بیرون ملک ہونے کی وجہ سے تدفین میں تاخیر ہوئی۔ اے نیئرکی آخری رسومات گزشتہ روز وارث روڈ پر واقع چرچ میں ادا کی گئیں جس میں بشپ عرفان جمیل، رابرٹ، پاسٹر سلمان اور مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات کے علاوہ نامور فنکاروں نے شرکت کی۔ اے نیئر کی آخری رسومات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے گلوکار شوکت علی اورآصف جاوید آبدیدہ ہو گئے۔ تقریب میںشرکت کرنے والوں میں نعیم طاہر، یاسمین طاہر، شوکت علی، آصف جاوید، مسعود اختر، محسن عباس شوکت، سجاد طافو، ناصر نقوی، آغا قیصر، اعجاز حسین، بابر انجم، عمران فاروقی، سعید مغل اور دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت علی کا کہنا تھاکہ اے نیئر ایک اچھے فنکار اور بہترین انسان تھے۔ احمد رشدی کے بعد ان جیسا سریلا گلوکار کوئی نہیں آیا۔ انہوں نے قومی نغمے گائے اور نعت بھی پڑھی۔ ان کے بھائی عبدالقیوم ناصر کا کہنا تھاکہ میرا بھائی اپنے گیتوں کی بدولت ہمیشہ زندہ رہے گا۔ اے نیئر کی بیوہ کا کہنا تھاکہ ان کو خدا نے جو آواز عطا کی تھی وہ ہمیشہ گونجتی رہے گی اور وہ ہمیشہ ہمارے ساتھ رہیں گے۔