اسلام آباد (جاوید صدیق) پاکستان اور افغانستان کے لئے امریکہ کے خصوصی نمائندہ رچرڈ اولسن وزارت خارجہ کی سروس سے ریٹائر ہو گئے ہیں۔ رچرڈ اولسن جو پاکستان میں تین برس تک سفیر رہے‘ بعد میں پاکستان اور افغانستان کے لئے امریکہ کے خصوصی نمائندہ مقرر کئے گئے تھے۔ رچرڈ اولسن کی ریٹائرمنٹ پر امریکی سیکرٹری خارجہ جان کیری نے ایک بیان میں رچرڈ اولسن کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ امریکی محکمہ خارجہ کے ممتاز افسر تھے جنہوں نے مشرق وسطیٰ‘ افریقہ اور پھر پاکستان اور افغانستان میں اپنے فرائض انجام دیئے۔ رچرڈ اولسن کی جگہ پاکستان اور افغانستان کے لئے اب ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ نیا خصوصی نمائندہ مقرر کرے گی۔ نئے خصوصی نمائندہ کی تقرری میں چند ہفتے لگ سکتے ہیں۔دریں اثناءرچرڈ اولسن نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو الوداعی ٹیلی فون کال کی۔ انہوں نے کہا وزیراعظم نوازشریف کی اہل قیادت کی بدولت پاکستان کی معیشت بحال ہوئی ہے۔ وزیر خزانہ نے رچرڈ اولسن کی خدمات کو سراہا۔
رچرڈ اولسن ریٹائر‘ ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ نیا خصوصی نمائندہ مقرر کریگی
Nov 17, 2016