لندن (نوائے وقت رپورٹ + نیوز ایجنسیاں) وزیر داخلہ چودھری نثار نے برطانوی ہم منصب بوریس جانسن سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماﺅں نے ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ خطے میں امن کیلئے شانہ بشانہ کام کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ لندن سے اپنے تعلقات کو اہمیت دی ہے۔ خارجہ پالیسی امور پر مختلف امور میں دونوں ملکوں کے مقاصد یکساں ہیں۔ بھارت نے خطے کا استحکام خطرے میں ڈالا۔ مذاکرات کے دروازے بند کئے۔ چودھری نثار نے پاکستان کے اندرونی معاملات میں بھارتی مداخلت کا معاملہ بھی اٹھایا۔ چودھری نثار علی خان نے پاک بھارت تعلقات کے بگاڑ کا ذمہ دار بھارت کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے خطے کے استحکام کو خطرے میں ڈالتے ہوئے مذاکرات کے دروازے بند کر رکھے ہیں،پاکستان کے اندرونی معاملات میں بھارتی مداخلت خطے کے امن کےلئے بہت بڑا خطرہ ہے، بھارت کی جانب سے پاکستانی سپاہیوں کو شہید کیے جانے کا بھرپور جواب دیا جائے گا، پاکستان بغیر کسی شرط کشمیر کے مسئلے پر بات چیت کرنے کو تیار ہے، افغانستان میں دیرپا امن کے قیام اور استحکام کے لئے پاکستان کی مخلصانہ کاوشوں کے باوجود بھی دوسری طرف کا ردعمل غیر حقیقی شکوک و شبہات اور بے بنیاد الزام تراشی کی روش سے عبارت رہا ہے۔ برطانوی وزیر خارجہ بورس جونسن کی جانب سے وزیرِداخلہ چوہدری نثار کےلئے ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔برطانوی وزیر خارجہ سے بات چیت کے دوران وزیرِداخلہ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ لندن سے اپنے تعلقات کو اہمیت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خارجہ پالیسی کے حوالے سے مختلف امور میں دونوں ملکوں کے مقاصد یکساں ہیں۔ اس موقع پر وزیرِداخلہ نے پاکستان کے اندرونی معاملات میں بھارتی مداخلت کا معاملہ بھی اٹھایا اور اسے خطے کے امن کے لئے بہت بڑا خطرہ اور اشتعال انگیز قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ان ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہوگا۔ وزیرِداخلہ نے کہا کہ بغیر کسی اشتعال بھارت کی جانب سے پاکستانی سپاہیوں کو شہید کیے جانے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔وزیرِداخلہ نے واضح طور پر پاک بھارت تعلقات کے بگاڑ کا ذمہ دار بھارت کو قرار دیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان بغیر کسی شرط کشمیر کے مسئلے پر بات چیت کرنے کو تیار ہے ،پاکستان کشمیریوں کے حقوق اور انکی جدو جہد کی حمایت جاری رکھے گا۔ علاوہ ازیں سابق برطانوی وزیراعظم ڈیوڈکیمرون نے خطے میں استحکام کے فروغ کیلئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے افغانستان میں استحکام کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا، پاکستان کے دوست برطانیہ کے دوست اور دشمن برطانیہ کے دشمن ہیں، پاکستان برطانیہ کے تعلقات کیلئے ذاتی طور پر کام کرتا رہوں گا۔ وہ بدھ کو وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ ملاقات میں پاکستان برطانیہ دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیرداخلہ چودھری نثار نے کہا کہ ڈیوڈ کیمرون کا پاکستان کے دوست برطانیہ کے دوست اور دشمن برطانیہ کے دشمن کا بیان قابل تعریف ہے۔ پاکستان کے بارے میں ڈیوڈ کیمرون کا بیان تاریخی تھا۔ انہوں نے کہاکہ ڈیوڈ کیمرون نے برطانیہ پاکستان کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔ ڈیوڈکیمرون کی پاکستان میں جمہوریت کی حمایت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ پاکستان کی عوام ڈیوڈ کیمرون کو حقیقی دوست کے طور پر ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ ملاقات میں سابق برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے خطے میں استحکام کے فروغ کیلئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا پاکستان نے افغانستان میں استحکام کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔
برطانوی ہم منصب سے ملاقات، نثار نے بھارتی مداخلت کا معاملہ اٹھایا
Nov 17, 2016