لاہور (نامہ نگار) اقبال ٹاؤن کے علاقہ میں قتل ہونے والے گورنمنٹ سائنس کالج وحدت روڈ کے پروفیسر راؤ الطاف حسین کی نعش پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی ہے جنہیں نماز جنازہ کے بعد مقامی قبرستان میں سپر د خا ک کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس تاحال ملزموں کو گرفتار کر نے میں ناکام ہے۔ ڈاکٹروں کی رپورٹ کے مطابق پروفیسر راؤ الطاف حسین کو چھ گولیاں لگیں۔ قاتلوں نے مقتول کے سر کو ٹارگٹ کیا۔ راؤ الطاف کو بائیں بازو میں تین، گردن پر ایک گولی لگی۔ ایک گولی بائیں کان اور گردن کے درمیان جبکہ چھٹی گولی بائیں گال میں لگی۔ راؤ الطاف حسین کے قتل میں نائن ایم ایم کا پسٹل استعمال ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق تفتیش جاری ہے جبکہ ملزموں کو جلد از جلد گرفتا ر کر لیا جائے گا ۔