کوئٹہ (آئی این پی) وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے سی پیک کو پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی تعلقات کی نئی جہت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گوادر پورٹ مستقبل میں خطے کی بڑی ٹرانزٹ پورٹ بنے گی۔ بدھ کو چین کے قونصل جنرل مسٹر وانگ یو اور وزیر اعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری کی ملاقات ہوئی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ سی پیک کے تحت تجارتی سرگرمیوں کا آغاز تاریخی پیش رفت ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کی نئی جہت ہے۔ گوادر پورٹ مستقبل مین خطے کی بڑی ٹرانزٹ پورٹ بنے گی۔ پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے گوادر میں چین کے امن اور ترقی فنڈ کے تحت قائم کیے جانے والے پرائمری سکول کا دورہ کیا۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق اس موقع پر چینی سفیر بچوں میں گھل مل گئے، طالب علموں نے چینی سفیر کا سکول آمد پر زبردست خیر مقدم کیا۔ چینی سفیر نے کہا کہ یہ سکول چین پاک دوستی کی زندہ مثال اور مظہر ہے۔ انہوں نے چینی سفارتخانے کے تعلیمی فنڈ سے گوادر کے تعلیمی ادارے کو مالی امداد فراہم کی اور پرائمری سکول کیلئے چینی کمپنی کی جانب سے کتابیں پیش کیں۔
سی پیک پر تجارتی سرگرمیاں تاریخی پیشرفت ہے: وزیراعلی بلوچستان
Nov 17, 2016