نئی دہلی + اسلام آباد (نیٹ نیوز + رائٹرز + سٹاف رپورٹر) بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کے گردے فیل ہو گئے اس امر کی اطلاع انہوں نے گزشتہ روز ٹویٹر کے ذریعے لوگوں کو دی۔ سشما سوارج نے کہا کہ ان کا علاج جاری ہے وہ انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس میں داخل ہیں۔ گردے ٹرانسپلانٹ کرنے کے لیے انکے ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ 64 سالہ سشما سوارج کی صحت گذشتہ کچھ دنوں سے خراب چل رہی تھی۔ انہیں سب سے پہلے ہسپتال میں امراض قلب کے علاج کے لئے داخل کیا گیا تھا اور ہسپتال سے واپسی سے قبل ہی ان کے گردے فیل ہونے کی خبر آئی۔ جموں کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال ایسے پہلے شخص تھے جنہوں نے سشما کے ٹویٹ کا جواب دیا اور ان کی صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ سشما سوراج نریندر مودی کابینہ میں سب سے تجربہ کار وزیر اور بی جے پی کی منجھی ہوئی رہنما ہیں وہ کئی سال سے شوگر کے مرض میں مبتلا ہونے کے باعث اس برس صحت کے کئی مسائل سے دوچار ہیں۔ سشما سوراج کی شدید علالت کے باعث مشیر خارجہ سرتاج عزیز کی ان سے امرتسر میں ملاقات کے امکانات مزید کم ہو گئے۔ دونوں رہنمائوں نے افغانستان کے حوالے سے ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کرنی ہے جو تین دسمبر کو بھارت کے شہر امرتسر ہو گی۔
سشما سوراج کے گردے جواب دے گئے، ہسپتال داخل، امرتسر میں سرتاج عزیز سے ملاقات کا امکان کم
Nov 17, 2016