عمران کیپٹن صفدر سے 22 نومبر تک جواب طلب

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) الیکشن کمشن آف پاکستان نے نااہلی ریفرنس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور درخواست گزار محمد خان ڈاہا کو نوٹس جاری کردیا۔ گزشتہ روز الیکشن کمشن میں عمران، جہانگیرترین اور کیپٹن صفدر کی نااہلی سے متعلق ریفرنسوں کی سماعت ہوئی ۔چیف الیکشن کمشنر جسٹس(ر)سردار محمد رضا خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق کی جانب سے عمران کے خلاف نااہلی ریفرنس کی سماعت کی جو طلال چوہدری اور دیگر ارکان قومی کی جانب سے دائر کیا گیا تھا۔دوران سماعت عمران کے وکیل حامد خان خود کمشن میں پیش نہیں ہوئے تاہم ان کے جونیئر وکیل نے پیش ہو کر کہا کہ درخواست گزار اور ان کے وکیل دوسری سماعت کے دوران بھی پیش نہیں ہوئے اس کامطلب ہے ان کی کیس میں کوئی دلچسپی نہیں اس لئے ریفرنس خارج کر دیا جائے اس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ یہ آئینی ضرورت ہے دیکھنا ہوگا کہ ایڈورسیریل پروسیڈنگ ہے بھی یا نہیں۔کیا ہم نے ہی اس پر فیصلہ کرنا ہے اگر کوئی نہ بھی لے کر آئے اس پر تو دلائل دیں کمشن نے عمران،جہانگیر ترین اور درخواست گزاروں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 22 نومبر تک جواب طلب کر لیا۔ اس موقع پر جہانگیر ترین کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے میرے موکل کو سنے بغیر ریفرنس الیکشن کمشن کو بھجوایا ٗ درخواست گزار بھی غیر حاضر ہے اس لئے ریفرنس کو مسترد کیا جائے۔ چیف الیکشن کمشنرنے درخواست گزار محمد خان ڈاہا کی دوسری سماعت پر بھی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تمام درخواستوں کی سماعت 22 نومبر تک ملتوی کردی اور عمران سے جواب طلب کر لیا ۔دوسری جانب وزیراعظم کے داماد کیپٹن(ر) محمد صفدر کے خلاف نا اہلی ریفرنس پر بھی کمشن میں سماعت ہوئی کمشن نے کیپٹن (ر) محمد صفدر سے 22 نومبر تک جواب طلب کرتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کردی۔اس کے علاوہ الیکشن کمشن میں تحریک انصاف کے سینیٹر لیاقت ترکئی کی نااہلی سے متعلق درخواست پر بھی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار بشریٰ گوہر نے کہاکہ لیاقت ترکئی نے کاغذات نامزدگی اور ایف بی آر میں جمع کروائی گئی دستاویزات پر مکمل نام نہیں لکھا۔ چیف الیکشن کمشنر نے سینیٹر لیاقت ترکئی سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 29 نومبر تک ملتوی کردی۔ آن لائن کے مطابق عمران کے وکیل نے میڈیا کو بتایا کہ الیکشن کمشن میں درخواست گزار کے وکیل پیش نہیں ہوئے ہیں جس پر کمشن نے درخواست گزار کو بھی نوٹس جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ درخواست گزار خود نہیں آرہے اگر کیس چلانا چاہتے ہیں تو خود بھی سامنے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشن ایک آئینی ادارہ ہے اس کی توہین نہ کریں، اگر درخواست گزار کیس میں دلچسپی نہیں رکھتے ہیں تو کیس کو خارج کردیتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن