کابل + واشنگٹن (اے پی پی+ اے ایف پی+ آن لائن) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں منی بس پر خودکش حملے میں 4سکیورٹی اہلکاروں سمیت 6افراد ہلاک اور13 زخمی ہوگئے، ننگرہار میں ایک فضائی حملے میں کمانڈر سمیت تین عسکریت پسند مارے گئے، سرائے پل میں تشدد کے واقعات میں 9 طالبان، دو پولیس اورایک فوجی ہلاک ہوگیا۔ وزارت داخلہ کے ترجمان نے بتایا مرکزی علاقہ میں ایک خودکش حملہ آور نے سکیورٹی فورسز کی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا جس میں انہوں نے کہاکہ خودکش حملہ آور پیدل تھا۔ ایک اور سکیورٹی ذریعے نے بتایا کہ جس گاڑی کو نشانہ بنایا گیا وہ وی آئی پی پروٹوکول میں شامل تھی۔ صوبہ ننگرہار میں ایک فضائی حملے میں کمانڈر سمیت 3 جنگجو ہلاک ہوگئے۔ صوبہ نیمروز میں مسلح افراد نے امام مسجد کو قتل کر دیا۔ امریکی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق افغانستان میں داعش نے اس حملے کی ذمہ داری فوری طور پر قبول کر لی ہے۔ ویب سائٹ پر بیان جاری کر دیا۔ وزارت داخلہ کے ایک ترجمان صدیق صدیقی کا کہنا ہے کہ اس حملے میں ہلاک ہونے والوں میں 4 عام شہری اور دو سکیورٹی اہلکار شامل ہیں۔ زخمیوں میں پانچ کا تعلق سرکاری سکیورٹی ایجنسی سے ہے۔ فورسز نے تمام علاقے کو گھیرے میں لے کر شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔ دھماکے میں ایک منی بس اور ایک گاڑی کو شدید نقصان پہنچایا تھا۔ ایک افغان سرکاری اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ خودکش بمبار نے اس منی بس کو نشانہ بنایا جس میں اعلیٰ شخصیات اور انتہائی حساس تنصیبات کو سکیورٹی فراہم کرنے والے اہلکار سوار تھے۔